نوٹ بندی کانگریس کی بدعنوانی ختم کرنے کی تیز دوا تھی :مودی

جھابوا۔ 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)وزیراعظم نریندر مودی نے آج مدھیہ پردیش کے آدی واسی اکثریتی ضلع جھابوا میں کانگریس پر زبردست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح دیمک کو ختم کرنے کے لئے ‘زہریلی’دوا کی ضرورت پڑتی ہے ،اسی طرح انہیں کانگریس کے دور میں پھیلی بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے نوٹ بندی جیسی تیز دوا کا استعمال کرنا پڑی۔مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات سے پہلے گجرات سے متصل ریاست کے اس ضلع میں انتخابی مہم کے لئے آئے مسٹر مودی کچھ ایک الگ ہی انداز میں نظر آئے ۔انہوں نے اپنا 35 منٹ کا خطاب گجراتی زبان میں ‘کیم چھو’ کہتے ہوئے شروع کیااور تقریر میں وہ مقامی آدی واسیوں کو یہ احساس دلاتے رہے کہ وہ ان کے پڑوسی ہیں۔انہوں نے کانگریس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی نے ملک کو برباد کردیا۔آدی واسی ماؤں کو اپنے بچوں کو نوکری دلانے کے لئے کانگریس کے دورحکومت میں اپنے زیور تک بیچنے پڑتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بیماری کانگریس کے دور میں اتنی پھیل گئی تھی کہ انہیں نوٹوں کی منسوخی جیسی تیز دوا کا استعمال کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں کانگریس کے دور حکومت میں آدی واسی علاقوں کی حالت اتنی خراب تھی کہ لوگ مطالبہ کرتے تھے کہ مٹی کا ہی راستہ بنا دو۔ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے ترقی کو ایک نیا مفہوم دیا ہے ۔اس علاقے میں سڑکیں بنیں اور ا ب آدی واسی علاقوں میں لوگ’سنگل پٹی’کی سڑکوں سے آگے بڑھکر ‘ڈبل پٹی والی سڑکوں’کا مطالبہ کررہے ہیں۔انہوں نے کسانوں کے قرض معاف کرنے کے وعدے پر بھی کانگریس پرطنز کیااور کہا کہ کرناٹک میں کانگریس نے کسانوں کا قرض معاف کرنے کا وعدہ کرکے حکومت تو بنالی لیکن اب وہاں کسانوں کو جیل بھیجنے کے لئے وارنٹ نکالے جارہے ہیں۔وہاں کے کسان جب احتجاج کرتے ہیں تو وزیراعلی ایچ ڈی کمارسوامی انہیں غنڈہ قرار دیتے ہیں۔
قبائیلی مجاہدوں کی خدمات کو فراموش کردیا گیا
دریں اثناء وزیراعظم نریندر مودی نے آج مدھیہ پردیش کے قبائلی اکثریتی ضلع جھابو ا میں کہاکہ ملک کی آزادی کی لڑائی میں قبائلی مجاہدوں نے عظیم خدمات انجام دی تھیں لیکن ان کی تاریخ کو فراموش کردیا گیا۔مسٹر مودی آج اسمبلی انتخابا ت کی تشہیرکے لئے گجرات سے ملحق مدھیہ پردیش کے اس ضلع میں پہنچے تھے ۔انہوں نے یہا ں کے لوگوں کو اپنا پڑوسی قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہاں کے لوگ بڑی تعداد میں گجرات کے مان گڑھ آتے ہیں۔ بی جے پی حکومت نے وہاں گووند گرو کا بہت بڑی یادگار بنائی ہے ۔ اسی سلسلہ میں انہوں نے کہاکہ انہوں قبائلی مجاہدوں نے ملک کیلئے بہت کچھ کیا لیکن ان کی تاریخ کودبا دیا گیا۔جھابوا کے دنیا میں مشہور ‘کڑکناتھ’مرغوں کے بہانے بھی مسٹر مودی نے کانگریس پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کے دور اقتدار میں کڑکناتھ مرغے اور انڈے کے نام پر بنیکوں سے قرض دلائے جاتے لیکن ان ہی مرغوں کو سرکاری حکام دعوتوں کے نام پر اڑوا دیتے ۔ قبائلیوں کا قرض اور بڑے خواب اپنی جگہ رہ جاتے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی سوچ کبھی قبائلیوں کے لئے مرغی اور انڈے سے آگے نہیں بڑڑھی۔ بی جے پی حکومت نے ان ہی قبائلیوں کو پردھانمنتری کرنسی لون یوجنا کے ذریعہ کاروبار کے شعبہ میں باصلاحیت بنایا۔اس دوران انہوں نے ایک مقامی خاتون کا بھی ذکر کیا جو کچھ دن پہلے ان کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ میں ہوئی بات چیت میں کڑکناتھ مرغا لیکر آئی تھی۔وزیراعظم آج یہاں جھابوا، علی راجپور اور دھار ضلع کے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدواروں کے حمایت میں انتخابی تشہیر کرنے آئے تھے ۔