نوٹ بندی نے معیشت کی کمر توڑ دی: عاپ

نئی دہلی 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے آج کہاکہ نوٹ بندی مہم آزاد ہندوستان کا سب سے بڑا اسکام ہے جس نے ملک کی معیشت کی کمر توڑ دی ہے۔ سینئر عاپ لیڈر سنجے سنگھ نے ریزرو بینک آف انڈیا کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ اُس نے اِس مہم سے قبل زیرگشت 500 روپئے اور 1000 روپئے کی نوٹوں پر مشتمل جملہ رقم کے تعلق سے قوم سے جھوٹ بولا۔ اُنھوں نے کہاکہ جہاں وزیراعظم نریندر مودی کا دعویٰ ہے کہ 500 روپئے اور 1000 روپئے کی بڑی قدر والی نوٹوں سے دستبرداری کالا دھن، دہشت گردی اور نکسل ازم کی لعنت کا خاتمہ کرے گی، وہیں اِس مہم نے معیشت کو کاری ضرب لگائی ہے۔ مرکزی بینک نے گزشتہ روز بیان دیا کہ متروک 500 روپئے اور 1000 روپئے کی نوٹوں کا 90 فیصد حصہ بینکنگ سسٹم میں واپس آچکا ہے۔ ریزرو بینک جو ابھی تک گزشتہ سال 8 نومبر کے بعد سے جمع کرائی گئی کرنسی کی حقیقی تعداد کے افشاء کو ٹالتا رہا، اُس نے 2016-17 ء کی اپنی سالانہ رپورٹ میں بیان کردیا کہ 15.28 لاکھ کروڑ متروک کرنسی بینکوں میں واپس آگئی اور صرف 16,050 کروڑ روپئے باہر ہیں۔ عاپ لیڈر آشوتوش نے کہاکہ معیشت جنوری تا مارچ 2016 ء کے درمیان 8.5 فیصد کی شرح پر آگے بڑھی لیکن 2017 ء کے دوران اِسی مدت میں یہ شرح ترقی نوٹ بندی کے مضر اثرات کے سبب گھٹ کر 6 فیصد ہوگئی۔