بھینسہ 19 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی نومنتخب وزیر و حلقہ اسمبلی نرمل اندرا کرن ریڈی صبح نرمل سے باسر کیلئے روانہ ہورہے تھے۔ اس موقع پر بھینسہ ٹی آر ایس قائدین نے حلقہ اسمبلی مدہول جی وٹھل ریڈی کی قیادت میں باسر سے قبل بھینسہ شہر نرمل چوراہے پر ریاستی وزیر کا شاندار استقبال کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور گلپوشی و شال پوشی کی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے کابینی وزیر کی حیثیت سے عائد کردہ ذمہ داری کو بخوبی انجام دیتے ہوئے تلنگانہ عوام کے مسائل کو جلد سے جلد حل کرنے کی کوشش کروں گا۔ سابقہ میں اندراما اسکیم کے تحت تعمیر کردہ مکانوں کے لئے بجٹ منظور کرواتے ہوئے عوام کو رقم ادا کی جائے گی۔ ونیز عدالتوں میں زیرالتواء کیسوں کی یکسوئی کیلئے نمائندگی کی جائے گی۔ اور آخر میں حلقہ اسمبلی مدہول جی وٹھل ریڈی کو ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اور حلقہ اسمبلی مدہول کو ترقی کی جانب گامزن کروانے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر ولاس گادیوار ٹی آر ایس حلقہ انچارج، مرلی گوڑ نمائندہ کونسلر، عبدالسراج سابقہ کونسلر، عبدالفاروق، ڈاکٹر دامودھر ریڈی،ڈبلیو بھیم راؤ ایڈوکیٹ، سائیلو کے علاوہ سینکڑوں ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔ بعدازا ںریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی کے ہمراہ حلقہ اسمبلی مدہول جی وٹھل ریڈی اور دیگر ٹی آر ایس قائدین باسر کیلئے روانہ ہوگئے۔