تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم آرمور کی جانب سے تہنیت کی پیشکشی
آرمور /14 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نومنتخبہ جوڈیشل سکنڈ کلاس مجسٹریٹ کاماریڈی جناب محمد سلیم کی نظام آباد آمد کی اطلاع پاکر آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤس پہنچ کر آرمور ڈیویژن کے صحافیوں نے انھیں مبارکباد اور تہنیت پیش کی۔ جناب محمد سلیم نے رائٹ ٹو انفارمیشن پروٹیکشن کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور انھوں نے آر ٹی آئی کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے ریاست میں منڈل سطح سے لے کر ریاستی سطح تک تقریباً 700 سے زائد پروگرام کئے اور اس کے ذریعہ عوامی مسائل حل کئے گئے۔ انھوں نے غریب لڑکیوں کی شادیوں میں حکومت کی اسکیم کے فوائد پہنچانے کے علاوہ ان کی تنظیم کی جانب سے مدد بھی کی گئی۔ انھوں نے اپنے آبائی مقام کاما ریڈی میں سرکاری وکیل کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے بھی غرباء کی مدد کی اور اب اسی کورٹ میں انھوں نے بحیثیت سکنڈ کلاس مجسٹریٹ جائزہ حاصل کیا۔ واضح رہے کہ آر ٹی آئی پروٹیکشن کمیٹی کے تحت ان کی خدمات دیکھتے ہوئے کانگریس حکومت نے انھیں ایوارڈ سے نوازا تھا اور انھیں دہلی طلب کرکے وزیر اعظم منموہن سنگھ کے ہاتھوں ایوارڈ دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ممبئی میں بھی انھیں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جناب محمد سلیم نے تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم آرمور ڈیویژن کے لیگل اڈوائزر کی حیثیت سے فورم کو اپنے مفید مشوروں سے نوازا۔ تہنیت پیش کرنے والوں میں فورم کے صدر محمد خالد احمد، نائب صدر سید ظفر علی، سکریٹری محمد مصور کے علاوہ محمد صادق، محمد معز، علی بن محمد، محمد شکیل، محمد عقیل، محمد رفیق، محمد پرویز اور دیگر بھی شامل تھے۔