نومبر میں مودی ملک کو وارانسی بندرگاہ وقف کریں گے :یوگی

وارانسی،29اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ترقیاتی کاموں کا تجزیہ اور رات میں گھنٹوں مقامی معائنہ کے بعد کہا ہ نومبر کے آخری ہفتے تک بندرگاہ سمیت کئی منصوبے پورے ہوجائیں گے ،جنہیں وزیراعظم نریندر مودی ملک کو وقف کریں گے ۔اپنے دوروزہ وارانسی دورے پر اتوار کو وارانسی پہنچے مسٹر یوگی نے ‘سنسکرت بھارتی’ کے قومی اجلاس میں حصہ لینے کے بعد سرکٹ ہاؤس میں حکام کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی اور رات 11بجے سے دو بجے تک معائنہ کرنے کے بعد پیر کی صبح لکھنؤ روانہ ہوگئے ۔اپنے سفر کے دوران انہوں نے ایک بار پھر حکام اور عوامی نمائندوں سے اگلے سال جنوری میں یہاں منعقد 15ویں غیر مقیم ہندوستانی کانفرنس کو یادگار بنانے کی اپیل کی۔مسٹر یوگی نے وزیراعظم کے پارلیمانی حلقے وارانسی کے کئی منصوبوں کے ساتھ ساتھ رام نگر میں اتوار کی رات زیر تعمیر بندرگاہ کا معائنہ کرنے کے دوران نامہ نگاروں سے کہا کہ اس منصوبے کا کام اگلے ایک مہینے میں پورا ہوجائے گا اور وزیراعظم کے ذریعہ نومبر کے آخر تک اسے ملک کو وقف کردیا جائے گا۔