ہوسٹن (امریکہ) ۔ 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دیپیکا پلیکل آخری رکاوٹ کو عبور کرنے میں ناکام رہی اور انہیں یہاں ٹیکساس اوپن کے فائنل میں مصر کی کھلاڑی نور ال شیربانی کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی۔ عالمی درجہ بندی میں بارہویں مقام پر فائز دیپیکا اپنے کیریئر کے پہلے بڑے خطاب کے حصول سے ایک قدم دور تھی لیکن انہیں 18 سالہ کوالیفائر مصری کھلاڑی نے 7-11 ، 11-5 ، 7-11 سے شکست دی۔ خطابی مقابلہ 48 منٹ طویل رہا جہاں دونوں ہی کھلاڑیوں نے کامیابی کیلئے بہتر مظاہرہ کیا۔ 22 سالہ دیپیکا جو کہ اپنے کیریئر کا ایک بڑا خطابی مقابلہ کھیل رہی تھیں وہیں دوسری جانب جونیر سطح کی چمپیئن نور اپنے کیریئر کے انتہائی شاندار فام کے سلسلہ کو برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی حالانکہ گذشتہ ماہ ہی انہوں نے ڈبلیو ایس اے ورلڈ چمپیئن شپ کے فائنل میں عالمی نمبر ایک نیکول ڈیوڈ کو حیران کن شکست سے دوچار کیا۔
چینائی سے تعلق رکھنے والی ہندوستانی کھلاڑی دیپیکا نے فائنل سے قبل عالمی درجہ بندی میں آٹھویں مقام پر فائز میڈیلین پیری کو شکست دی تھی لیکن خطابی مقابلہ میں وہ خود سے ایک مقام پیچھے یعنی عالمی درجہ بندی میں تیرہویں مقام پر فائز مصری کھلاڑی کے خلاف کامیاب نہ ہوسکی۔ اس کامیابی کے ذریعہ نور نے انتہائی شاندار ہفتہ کا اختتام کیا جیسا کہ انہوں نے ٹورنمنٹ میں 3 درجہ دار کھلاڑیوں کو شکست دی جس میں خطاب کی مضبوط دعویدار اور عالمی درجہ بندی میں ساتویں مقام پر فائز ملائیشیاء کی لو وی ویرن کو شکست دی ہے۔ کامیابی کے فوری بعد نور نے فیس بک پر اپنے شائقین کے ساتھ خوشی بانٹتے ہوئے لکھا ہیکہ چوتھے اور اپنے کیریئر کے سب سے بڑے خطاب کے حصول کے بعد میں کافی مسرور ہوں اور میرے لئے یہ انتہائی شاندار ہفتہ رہا۔