بغداد ۔23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عراقی وزیر اعظم نوری المالکی نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامی عراق و شام ‘داعش’ کی سرکوبی کیلئے سنی قبائل کو استعمال کرتے ہوئے انہیں اسلحہ فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔ میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نوری المالکی نے الانبار، کرکوک، صلاح الدین اور موصل شہروں سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین سے ملاقات میں انہیں یقین دلایا کہ ان کی حکومت ’’داعش‘‘ کو شکست دینے کے لیے سنی مکتب فکر کے قبائل کو اسلحہ اور دیگر جنگی سازوسامان فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور قبائل کو دہشت گردوں کے خطرے سے نمٹنے کیلئے حکومت کا ساتھ دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں عام حالات کی بحالی اولین ترجیح ہے ۔
بغداد : مہلوکین کی تعداد31 ہوگئی
بغداد۔ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عراقی عہدیداروں نے ایک پولیس چوکی کو کل رات دیر گئے نشانہ بناکر خودکش حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 31 ہوجانے کی اطلاع دی ہے اور کہا کہ مہلوکین میں بیشتر بے قصور شہری ہیں۔ بم بردار نے دھماکو مادوں سے لدی ہوئی ایک گاڑی بغداد کے شمال مغرب میں کاظمیہ کی پولیس چوکی سے ٹکرا دی تھی۔ پولیس عہدیداروں کے بموجب دھماکے سے 58 افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔