ممبئی؍ چینائی۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ کی مشہور ویب سائیٹ کی جانب سے بی سی سی آئی کے صدر این سرینواسن کے متعلق کرائے جانے والے ایک سروے میں حصہ لینے والے 90 فیصد افراد نے ان سے صدر کے عہدہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے جیسا کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے انہیں بی سی سی آئی کے صدر کے عہدہ سے مستعفی ہونے کیلئے دو دن کا وقت دیا ہے۔ کرک انفو کی جانب سے کرائے جانے والے سروے جس میں سوال کیا گیا تھا کہ کیا سرینواسن کو مستعفی ہوجانا چاہئے، اس سروے میں 14,524 افراد نے حصہ لیا اور 90 فیصد افراد کی رائے ہے کہ سرینواسن کو عہدہ سے علیحدہ ہوجانا چاہئے۔ صرف 7 فیصد یعنی 1,177 افراد کا ماننا ہے کہ انہیں عہدہ سے مستعفی نہیں ہونا چاہئے
جبکہ 3 فیصد افراد کا ماننا ہے کہ سرینواسن کو عدالت کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔ گزشتہ روز جسٹس اے کے پٹنائک کی صدارت میں سپریم کورٹ کی بینچ نے سرینواسن پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں اپنے عہدہ سے مستعفی ہونے کا حکم دیا ہے تاکہ آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ الزامات کی شفاف تحقیقات ہوسکے کیونکہ آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ میں ان کے داماد گروناتھ مائیپن کے علاوہ چند کرکٹرس شامل ہیں ۔ دریں اثناء چینائی سے موصولہ خبر کے بموجب بی سی سی آئی صدر این سرینواسن کا آج موتیا بند کا آپریشن ہوا ہے ۔ سرینواسن کے قانونی مشیر پی ایس رمن نے آج بی سی سی آئی صدر کی رہائش گاہ پر ملاقات تاہم سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کسی مسئلہ پر اظہار خیال سے گریز کیا۔