نوجوت سنگھ سدھو کو ہندوستان سے زیادہ پاکستان میں عزت

عمران خان کی تقریر اور پاکستان کی سیاست میں حصہ لینے کے تبصرہ پر تنازعہ
نئی دہلی 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کانگریس لیڈر کی جانب سے حلف برداری تقریب میں شرکت کے لئے آنے کے بعد ہونے والی تنقیدوں کے بعد مودی حکومت میں شامل مرکزی وزیر ہریش مرت کور بادل نے ریمارک کیاکہ پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان میں جاکر بس جانا چاہئے۔ پاکستان کے ساتھ اِن کے اچھے تعلقات کے بارے میں مرکزی وزیر ہریش مرت کور بادل نے کہاکہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کانگریس لیڈر کو ہندوستان سے زیادہ پڑوسی ملک سے محبت ہے اور اُنھیں اُس ملک میں عزت مل رہی ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہاکہ جیسا کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاکستان سے انتخابات لڑنے کے لئے نوجوت سنگھ کو پیشکش کی ہے اور نوجوت سنگھ بھی ہندوستان سے زیادہ پاکستان میں شہرت رکھتے ہیں اور اِسی ملک سے وہ محبت کرتے دکھائی دیتے ہیں لہذا انھیں پاکستان کی سیاست میں حصہ لینا چاہئے اور وہاں کے لوگوں سے تعلقات استوار کرنا چاہئے۔ بادل کے یہ ریمارکس وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے کئے گئے تبصرے کے فوری بعد سامنے آئے ہیں۔ کرتارپور راہداری سنگ بنیاد تقریب کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اِس اعتماد کا اظہار کیا تھا کہ نوجوت سنگھ سدھو میں اتنی خوبیاں ہیں کہ اگر پاکستان کے پنجاب میں انتخابی مقابلہ کرتے ہیں تو وہ جیت جائیں گے۔ میں نے سنا ہے کہ جب نوجوت سنگھ سدھو میری حلف برداری تقریب میں شرکت کے لئے پاکستان آئے تھے اِن پر ہندوستان میں شدید تنقیدیں کی گئیں۔ جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو نے دونوں ملکوں کے درمیان امن اور بھاری چارہ کے سواء کوئی بات نہیں کی۔ وزیراعظم پاکستان کے اِس بیان پر بی جے پی نے شدید تنقید کی۔ بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے کہاکہ نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستانی حکومت کی کابینہ میں شامل کیا جانا چاہئے کیوں کہ وہ بار بار پڑوسی ملک کیلئے اپنی محبت کا اظہار کرتے جارہے ہیں۔ نوجوت سنگھ کی یہ محبت پاکستان کے لئے حد سے زیادہ دکھائی دیتا ہے۔ اُنھیں صرف ایک ہی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ براہ کرم اپنے پڑوسی ملک منتقل ہوکر وہاں سے سیاسی مقابلہ کریں اور عمران خان کی کابینہ میں شامل ہوجائیں۔نوجوت سنگھ سدھو پنجاب کی ریاستی کابینہ کے ایک وزیر ہیں اور انہوں نے حکومت کی پالیسی کے خلاف کرتارسنگھ راہداری تقریب میں شرکت کی تھی۔