نوجوان گرفتار، 71 کیلو گانجہ ضبط

حیدرآباد 20 ڈسمبر ( سیاست نیوز)شہر میں گانجہ فروخت کرنے کے الزام میں ٹاسک فورس پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ کے 71 کیلو گانجہ برآمد کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب 24 سالہ ایم جیتندر سنگھ اپنے بھائی دھرم سنگھ ساکن لنگر حوض ضلع ورنگل سے گانجہ خرید کر اسے حیدرآباد منتقل کیا کرتے ہوئے اسے فروخت کردیتے ۔

فروری سال 2012 میں محکمہ آبکاری کے عہدیداروں نے مذکورہ افراد کو گانجہ فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا لیکن چند ماہ قبل ہی جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوئے اور ضلع ورنگل سے 100 کیلو گانجہ شہر منتقل کرتے ہوئے اسے خواہشمند گاہکوں کو 2000 تا 5000 روپئے فی کیلو فروخت کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

جیتندر سنگھ کے مکان گانجہ موجود ہونے کی اطلاع پر ٹاسک فورس نے وہاں دھاوا کر کے اسے گرفتار کرلیا اور بھاری مقدار میں گانجہ برآمد کرلیا ۔ گرفتار ملزم جیتندر سنگھ کو ٹاسک فورس نے لنگرم حوض پولیس کے حوالے کردیا جبکہ اس کے بھائی دھرم سنگھ کی پولیس کو تلاش ہے ۔