نوجوان کی پھانسی کے ذریعہ خودکشی

حیدرآباد /2 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ عثمان باغ میں ایک نوجوان نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ کاماٹی پورہ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 16 سالہ اختر خان نے عثمان باغ کے ایک قبرستان میں درخت سے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ سب انسپکٹر کاماٹی پورہ مسٹر کرشنا مورتی کے مطابق اختر خان جو کشن باغ علاقہ کے ساکن حبیب خان کا بیٹا تھا ۔ اس نے آج انتہائی اقدام کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ اختر کو اس کے بڑے بھائی نے کام کاج نہ کرنے پر ڈانٹ ڈپٹ کی تھی اور تاکید کی تھی کہ وہ اگر محنت نہیں کرے گا تو بہنوں کی شادی کا مسئلہ کیسے حل ہوگا ۔ اس بات پر ناراض اور دلبرداشتہ اس لڑکے نے خودکشی کرلی ۔ اختر اپنے افراد خاندان کے ساتھ پہلے عثمان باغ علاقہ میں رہتا تھا ۔ حالیہ دنوں یہ خاندان کشن باغ چلا گیا تھا ۔ پولیس کاماٹی پورہ مصروف تحقیقات ہے ۔