شاد نگر۔/5نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر شاد نگر کے ریتو کالونی کے متوطن ایک نوجوان راج شیکھر ( راجو ) اور مقامی رئیل اسٹیٹ تاجر کے درمیان کچھ دنوں سے تنازعہ چل رہا تھا۔ اراضی تنازعہ معاملہ کو لے کر نوجوان راج شیکھر ( راجو ) نے اقدام خود کشی کرنے کیلئے پٹرول کا استعمال کیا۔ مذکورہ واقعہ میں راج شیکھر صد فیصد جھلس گیا تھا۔ جس کو فوری افراد خاندان نے مقامی سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا۔ ابتدائی علاج کے بعد راج شیکھر کو عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ جہاں علاج کے دوران شیکھر فوت ہوگیا۔ قبل از مرگ راج شیکھر نے عثمانیہ ہاسپٹل میں ایکزیکیٹو مجسٹریٹ کے سامنے اپنا بیان قلمبند کروایا۔ بعد پوسٹ مارٹم راج شیکھر کی نعش کو اس کے مکان کے سامنے رکھتے ہوئے افراد خاندان نے زبردست احتجاج اور دھرنا منظم کیا اور حکومت ، ضلع کلکٹر، آرڈی او اور تحصیلدار کے علاوہ پولیس سے مطالبہ کیا گیا کہ راج شیکھر کے جھلس جانے والے واقعہ کی مکمل تحقیقات کرواتے ہوئے ان کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کیا۔ افراد خاندان نے راج شیکھر کی موت کی وجہ بننے والے خاطیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا پرزور مطالبہ کیا۔ فرخ نگر تحصیلدار کے تیقن کے بعد آخری رسومات انجام دی گئی۔ کتور ایس آئی سوریا نائیک کی اطلاع کے بموجب مذکورہ واقعہ کے سلسلہ میں زمرد خاں نے کتور پولیس اسٹیشن میں خودسپردگی اختیار کی۔
دیسی ساختہ بندوق کے ساتھ
ایک شخص گرفتار
یلاریڈی۔/5نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تاڑوائی منڈل میں نندی وارہ علاقہ حدود کے پلے گڈہ تانڈا سے تعلق رکھنے والا نوناوت ریڈیا کے پاس سے دیسی ساختہ بندوق سب انسپکٹر ناگراجو نے ضبط کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ ریڈیا نے اس بندوق کو اپنے کھیت کی جھونپری میں پوشیدہ رکھا تھا۔ ریڈیا کو گرفتار کرکے ریمانڈ کیلئے بھیج دیا گیا۔
سانپ ڈسنے سے لڑکی ہلاک
پرگی۔/5نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سانپ ڈسنے سے ایک لڑکی فوت ہونے کا واقعہ گنڈیڈ منڈل میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق گنڈیڈ گاؤں کی رہنے والی نونیتا 15سالہ اپنے کھیت میں کام کررہی تھی جہاں لڑکی کو سانپ نے ڈس لیا۔ اسے ایس وی ایس محبوب نگر دواخانہ منتقل کیا گیا ، علاج کے دوران آج وہ فوت ہوگئی۔