نوجوان کو قتل کرنے کے بعد نعش کو نذر آتش کرنے کا واقعہ

حیدرآباد 25 جنوری (سیاست نیوز)سائبرآباد جواہر نگر میں پیش آئے ایک واقعہ میں نوجوان شخص کا نامعلوم افراد نے قتل کر کے نعش کو نذر آتش کردیا ۔ انسپکٹر جواہر نگر مسٹر پی وینکٹ گیری نے بتایا کہ چنا پورم تالاب کے قریب آج صبح 25 تا 30 سالہ نامعلوم شخص کی جھلسی ہوئی نعش دستیاب ہوئی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ مقتول کو کل رات دیر گئے قتل کردیا گیا ۔ مقتول کی شناخت چھپانے خاطیوں نے اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی ۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر ایک ٹیم مقام واردات پر پہنچ گئی اور وہاں پر سراغ رسانی دستے کو طلب کرلیا ۔ ڈاگ اسکواڈ کے کتے مقام واردات سے بالاجی نگر میں واقع وجئے لکشمی بار اینڈ ریسٹورنٹ پر پہنچ کر رک گئے ۔ پولیس نے بار میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرلی ہے اور امید ہے کہ اس سے پولیس کو سراغ حاصل ہوگا ۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا اور اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغازکردیا ۔