نوجوان کو روزگار کا جھانسہ ، پولیس میں شکایت

لاکھوں روپئے وصولی ، درخواست گذاروں کے احتجاج پر ملازمت فراہم کرنے سے انکار
حیدرآباد یکم / اگست ( سیاست نیوز ) کوکٹ پلی کے علاقہ میں ہائی ٹیک انداز میں دھوکہ دہی کا واقعہ پیش آیا ۔ ملازمت کا جھانسہ دیکر ایک جاب کنسلٹنسی نے بے روزگار نوجوانوں کو مبینہ طور پر دھوکہ دیا اور انہیں مایوس لوٹادیا اور بتایا جاتا ہے کہ اب وہ کسی ملازمت کی ذمہ داری نہیں لے گا ۔ ذرائع کے مطابق اڈہ گڈہ علاقہ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ حدود میں واقع ایک جاب سرویس کنسلٹنسی نے بے روزگار نوجوانوں کو پیشکش کیا تھاکہ وہ سرویس سے وابستہ ہوجائیں ۔ انہیں بہترین ملازمت دلائی جائے گی اور ملازمت کیلئے ضروری صلاحیت اور تربیت کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے ۔ اس بات پر تقریباً 70 بے روزگار نوجوان اس کنسلٹنسی سے رجوع ہوئے اور فی کس ایک لاکھ تا دیڑھ لاکھ روپئے ادا کئے گئے تاہم دو ماہ کی تربیت دی گئی اور اس دوران 10 ہزار روپئے اسٹائفنڈ بھی دیا گیا ۔ تاہم اب کنسلٹنسی ان بے روزگار نوجوانوں کو نہ ہی روزگار دیا اور نہ ہی تربیت ، پریشان حال بے روزگار نوجوانوں نے پولیس اسٹیشن کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ کا رخ کیا اور شکایت درج کروائی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔