نوجوان ٹیم بہتر مظاہرے کیلئے پُرعزم : ہاؤگُڈ

گلاسگو۔17جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) متوازن ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کے چیف کوچ نیل ہاؤگُڈ پُرعزم ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم یہاں منعقد شدنی کامن ویلتھ گیمس میں بہتر مظاہرہ کیلے تیار ہے ۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کیلئے کامن ویلتھ گیمس سے قبل بہترین تیاری کا اس سے اچھا موقع نہیں مل سکتا تھا کہ انہیں ملیشیاء کے خلاف بیرون ملک ٹسٹ سیریز کھیلنے کا موقع دستیاب ہوا جہاں ہندوستانی ٹیم نے میزبان ٹیم کے خلاف 6-0کی شاندار کامیابی حاصل کی ۔ 23جولائی تا 3اگست یہاں گلاسگو میں منعقدشدنی کامن ویلتھ گیمس میںشرکت کررہی ہندوستان کی خاتون ہاکی ٹیم میںنوجوان کھلاڑی شامل ہیں جن کے ملیشیاء کے خلاف کامیابی کے بعد حوصلے بلند ہیں اور یہ ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہرہ کرنے کیلئے تیار ہے ۔

کوچ نے اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی تمام تر توجہ کینیڈا کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے مقابلے پر مرکوز ہے جہاں یہ موزوں کھلاڑیوں کے انتخاب کے علاوہ حریف ٹیم کے پیش نظر حکمت عملی تیار کرنا چاہتی ہیں۔ ہاؤگُڈ نے مزید کہا کہ پریکٹس سیشن کا کھلاڑیوں کو کافی فائدہ ہوا ہے کیونکہ وہ اس کے ذریعہ یہاں کے موسم سے خود کو ہم آہنگ کرچکی ہیں ۔ آج کے پریکٹس سیشن میں کھلاڑیوں نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرنے اور مقابلے کے دوران گیم کو ایک دوسرے کے منتقل کرنے پر کافی محنت کی ہے ۔ اس پریکٹس کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے کافی بلند ہوئے ہیں ۔ دریں اثناء ٹیم کی کپتان ریتو رانی نے بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پریکٹس سیشن کو ٹیم کیلئے حوصلہ افزاء قرار دیا ہے ۔ ریتو رانی کے بموجب پریکٹس سیشن سے دن بہ دن کھلاڑیوں کے مظاہروں میں بہتری دیکھی جارہی ہے ۔