نوجوان لڑکی کے اغواء کی کوشش ناکام

شادی سے انکار پر عاشق کا انتہائی اقدام
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : پیٹ بشیر آباد پولیس نے نوجوان لڑکی کے اغواء کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے لڑکی کو آزاد کروالیا ۔ تاہم اغواء کار پولیس کی گرفتار سے باہر ہے ۔ جس کی تلاش میں پولیس کی دو خصوصی ٹیمیں متحرک کردی گئیں ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ بیدر علاقہ کے ساکن ونود نامی 27 سالہ نوجوان نے اپنی رشتہ دار 19 سالہ لڑکی کا اغواء کرلیا تھا ۔ ان دونوں کی شادی ایک سال قبل طے ہوچکی تھی تاہم لڑکی کے والدین نے حالیہ دنوں شادی سے انکار کردیا تھا ۔ اس فیصلہ پر برہم ونود نے فلمی انداز میں کومپلی علاقہ سے لڑکی کا اغواء کیا جو اس وقت مکان میں اکیلی تھی ۔ تاہم لڑکی کی چیخ و پکار سے مقامی افراد چوکس ہوگئے اور تعاقب کے بعد پولیس کو اطلاع دی تاہم ونود سائبر آباد سے میدک ضلع میں داخل ہوگیا ۔ اور جنارم میں چیک پوسٹ پر پولیس کو چکمہ دینے کے بعد نرسا پور کے قریب گاڑی سے اتر کر آٹو میں سنگاریڈی کی جانب چلا گیا ۔ اغواء کے منصوبہ میں تعاون کے لیے ایک اور اسکارپیو گاڑی موجود تھی ۔ پولیس نے روک لیا اور چار افراد کو گرفتار کرنے کے بعد ان کی مدد سے لڑکی کا پتہ چلالیا ۔ ونود اور اس کے دیگر ساتھی لڑکی کو پٹن چیرو علاقہ میں چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔۔