حیدرآباد۔/25مارچ، ( سیاست نیوز) پنجہ گٹہ کے وی آئی پی علاقہ میں نوجوان لڑکی پوجیتا کی خودکشی کیس میں پولیس کو اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پنجہ گٹہ پولیس نے خودکشی کیس کی تفصیلی تحقیقات کے دوران شہر کے اہم سی سی ٹی ویز کا تجزیہ کیا جس میں اہم معلومات ہاتھ لگی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ 19مارچ کو ریکارڈ کئے گئے چار سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس کو یہ معلوم ہوا کہ شام سات بجے پوجیتا نے اپنے بوائے فرینڈ اکشے کے ہمراہ سکندرآباد میں واقع اے ٹو ایم ملبوسات کے شوروم میں اپنے لئے اور بوائے فرینڈ کیلئے ایک اوور کوٹ خریدا۔ دوسرے سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس کو یہ معلوم ہوا ہے کہ نکلیس روڈ ایٹ اسٹریٹ میں پوجیتا اور اکشے نے شام کا کھانا کھایا اور بعد ازاں رات دیر گئے بوائے فرینڈ نے پوجیتا کو سکندرآباد الفا ہوٹل کے قریب چھوڑ کر چلاگیا۔ ایک اہم سی سی ٹی وی فوٹیج میں پنجہ گٹہ پولیس کو یہ معلوم ہوا کہ آئی اے ایس کالونی میں واقع لکشمی پان شاپ سے محمد فیروز نامی ملازم سے پوجیتا نے ماچس خریدا۔ پولیس کو ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ نوجوان لڑکی کی موت خودکشی سے ہوئی ہے جس میں اس نے پٹرول کا استعمال کیا تھا۔ لیکن پولیس کو اس بات کا اب تک پتہ نہیں چل سکا کہ اس نے پٹرول کہاں سے حاصل کیا۔ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور اندرون چند یوم مزید تفصیلات متوقع ہیں۔واضح رہے کہ 20مارچ کی شب پوجیتا کی نعش انتہائی جھلسی ہوئی حالت میں پنجہ گٹہ کی آئی اے ایس کالونی کے میونسپل پارک سے دستیاب ہوئی تھی۔
رہزنی کے واقعہ میں ملوث 2افراد گرفتار
حیدرآباد۔/25مارچ، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے سعیدآباد علاقہ میں پیش آئے رہزنی کے واقعہ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 14مارچ شام 7بجے درخواست گذار نئی دہلی سے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پہنچ کر وہاں سے آٹو میں سوار ہوکر کاچیگوڑہ دیواکر ٹراویلس پہنچا اور بیلاری کرناٹک کو جانے کیلئے ایک ٹکٹ خرید کر قریب میں واقع ایک ہوٹل میں کھانا کھایا۔ شہر حیدرآباد کے راستوں سے عدم وقفیت کے سبب اس نے دو نوجوانوں سے پتہ معلوم کرنے کی کوشش کی اور اس کا فائدہ اٹھاکر 24سالہ سید ضمیر اور 25سالہ کے انجی نے اسے اپنی موٹر سیکل پر بٹھاکر سعیدآباد کے آئی ایس سدن علاقہ کو لے آئے جہاں پر اس پر حملہ کرکے نقد رقم، موبائیل فون، اے ٹی ایم کارڈ اور دیگر اشیاء چھین کر فرار ہوگئے۔ اس سلسلہ میں سعیدآباد پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا تھا اور آج ٹاسک فورس کے سب انسپکٹر اے سدھاکر نے رہزنوں کو چپل بازار کاچیگوڑہ علاقہ میں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ مال بھی برآمد کرلیا۔