نوجوان لٹّن داس کو مشفق کی جگہ ملنے کا امکان

ڈھاکہ ، 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) چونکہ کپتان مشفق الرحیم زخمی انگلی سے پریشان ہیں، اس لئے نوجوان لِٹّن داس کو ہندوستان کے خلاف چہارشنبہ کو شروع ہونے والے واحد ٹسٹ میں بنگلہ دیش کا وکٹ کیپر بنانے کا امکان ہے۔ رحیم اپریل میں پاکستان کے خلاف کھُلنا ٹسٹ کے دوران اپنی انگلی زخمی کربیٹھے تھے۔ اگرچہ رحیم ہفتہ کو فتح اللہ میں ٹیم کی ٹریننگ کے دوران نٹس میں بیٹنگ کرتے دیکھے گئے، لیکن داس نے وکٹ کیپنگ کی مشق کی۔ رحیم کا قطعی گیارہ میں کیپٹن اور بیٹسمن کی حیثیت سے مقام اب بھی مصدقہ ہے، لیکن حالیہ تبدیلیوں سے اشارہ ملا ہے کہ داس کو وکٹ کیپنگ کے گلووز پہننے کا موقع مل سکتا ہے۔ 20 سالہ داس 2007ء میں رحیم کے بعد سے نیشنل ٹیم کے پہلے وکٹ کیپر بن سکتے ہیں۔