چندی گڑھ ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اولمپکس میں ہندوستان کیلئے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے نشانہ باز ابھینو بندرا نے آج اعلان کیا ہیکہ انہوں نے گو اسپورٹس فاونڈیشن سے معاہدہ کیا ہے تاکہ ملک میں موجود نوجوان نشانہ بازوں کی تربیت کی جاسکے۔ تفصیلات کے بموجب بندرا فاونڈیشن اور گو اسپورٹس فاونڈیشن مشترکہ طور پر ملک میں موجود باصلاحیت نشانہ بازوں کیلئے اپنی خدمات فراہم کریں گے۔ علاوہ ازیں ملک میں موجود باصلاحیت شوٹرس کی تلاش کیلئے ایک پروگرام منعقد کیا جائے گا جس کے بعد مستحق اور باصلاحیت شوٹرس کی ٹریننگ کے انتظامات کئے جائیں گے۔ مشترکہ پروگرامس کے ذریعہ نہ صرف باصلاحیت نشانہ بازوں کی نشاندہی کی جائے گی بلکہ منتخب نشانہ بازوں کیلئے اسکالرشپ کے علاوہ ڈیولپمنٹ ورکشاپس بھی منعقد کئے جائیں گے۔ صحافتی بیان میں کہا گیا ہیکہ منتخب نشانہ بازوں کیلئے اعلیٰ اور قیمتی آلات کے ذریعہ ٹریننگ پروگرام فراہم کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں بندرا جوکہ گو اسپورٹس فاونڈیشن کے بورڈ آف اڈوائزرس کے رکن بنیں گے، انہوں نے کہا کہ وہ اس معاہدہ سے کافی خوش ہیں اور انہیں امید ہیکہ اس کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے اور منتخب نوجوان نشانہ باز ہندوستان کیلئے عالمی سطح پر بہترین مظاہرہ کریں گے۔ دریں اثناء گو اسپورٹس کے منیجنگ ٹرسٹی ندن کامتھ نے کہا کہ بندرا جیسے کامیاب اور تجربہ کار نشانہ باز کے ساتھ ہندوستان کے نوجوان شوٹرس کی نشاندہی اور ان کی ٹریننگ سے بہتر نتائج کی توقع ہے۔