نوجوان تعلیمات اسلامی سے واقفیت حاصل کریں : مشتاق ملک

حیدرآباد 30 نومبر (راست) ظلم و جبر، اصول، حق کیلئے ڈٹ جانا، نامساعد حالات میں صبر کے ساتھ مقابلہ کرنا حضرت حسینؓ کی سنت ہے اور نقارۂ حق اور تحفظ دین و شریعت کیلئے اپنے خاندان کے ساتھ اپنے آپ کو شہادت کیلئے پیش کردینا حضرت حسینؓ کا پیغام ہے جو قیامت تک باقی رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے کالی قبر نزد عابد علی خاں آئی ہاسپٹل نوجوانان محلہ کی جانب سے منعقدہ جلسہ عام بعنوان ’’اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد‘‘ صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر مسلم شبان نے کہاکہ ظالم حکومتوں سے آج سمجھوتے ہورہے ہیں، لوگ سکون اور سلامتی کی دہائی دے کر حق کو سرنگوں ہونے کی تلقین کرتے ہیں۔ حضرت حسینؓ نہ بے بس تھے نہ مجبور تھے۔ شریعت محمدی ﷺ کی حفاظت کیلئے حضرت حسینؓ کی کربلا میں قربانی تاقیامت قافلۂ حجاز کیلئے رہنمائی کرتی رہے گی۔ جناب محمد مشتاق ملک نے کہاکہ آج جہاد کو دہشت گردی سے جوڑا جارہا ہے جہاد کا راستہ جنت ہے اور دہشت گردی کا راستہ دوزخ ہے۔ نوجوان اسلامی تعلیمات کو سمجھیں اور دین سے وابستگی کو مضبوط کریں۔ جلسہ عام کو حافظ و قاری مولانا عثمان نقشبندی امام مکہ مسجد نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ 61 ہجری میں کربلا برپا ہوا اور خونِ اہل بیت کے مقابلے کسی بھی قربانی کی اتنی اہمیت نہیں۔ اہل بیت سے محبت ہمارا ایمان ہے۔ رسول ﷺ کے نواسے جنت کے سردار ہیں۔