نوجوانوں ‘بندوق چھوڑ کر ہل چلائیں‘ مودی کی اپیل

برہماپوری (مہاراشٹرا) ۔ 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپنے خطاب کے دوران نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد ترک کرتے ہوئے اپنے ہاتھوں میں ہل سنبھال لیں تاکہ ان کی زندگی میں تبدیلی آجائے اور ملک کو خوشحالی کی جانب گامزن کرسکیں۔ یاد رہے کہ برہماپوری نکسلائیٹس سے متاثرہ علاقہ ہے جہاں ایک ریالی سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ تشدد اور دہشت گردی نے آج تک کسی کا بھلا نہیں کیا۔ لہٰذا نکسلزم کو ترک کرتے ہوئے اگر اپنے کندھوں سے بندوق اتار کر ہل اٹھا لیا جائے تو اس سے آپ کو دلی سکون ملے گا اور زراعت کے ذریعہ ریاست اور ملک کی ترقی میں بھی آپ اہم رول ادا کرسکیں گے جس سے آپ کی زندگی میں زبردست تبدیلی آئے گی۔ نریندر مودی نے کہا کہ مہاراشٹرا میں بی جے پی کی کامیابی ضروری ہے کیونکہ پارٹی کے برسراقتدار آنے کے بعد ہی یہاں کے کسانوں کو بھی وہی خوشحالی نصیب ہوگی جو چھتیس گڑھ کے کسانوں کو حاصل ہے۔ لہٰذا بی جے پی کی کامیابی کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ پانی کی قلت سے دوچار کسانوں کو وافر مقدار میں پانی مل سکے۔ کسانوں کو اگر وافر مقدار میں پانی ملتا رہا تو وہ زمین سے ’’سونا‘‘ اگا سکتے ہیں۔ نریندر مودی نے بعدازاں امراوتی کے موضع دھمن گاؤں میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ودربھا خطہ میں کسانوں کے ذریعہ خودکشی کے واقعات کا حوالہ دیا اور کہا کہ ہمارے کسان سنتروں کی کاشت کرتے ہیں جو دنیا بھر میں مشہور ہیں لیکن انہیں سنترہ کا عرق پینے کی بجائے زہر پینا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے کپاس کی کاشت کرنے والے کسانوں کے لئے ایک منفرد پروگرام SF Formula شروع کیا ہے۔ انہوں نے کانگریس اور این سی پی کو ان کی بدعنوانیوں پر زبردست تنقید کا نشانہ بنایا اور رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ 15 اکٹوبر کو منعقد شدنی انتخابات میں بی جے پی کو واضح اکثریت سے کامیاب کریں۔