نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے مساعی

بھینسہ میں محکمہ پولیس کی جانب سے منعقدہ جاب میلہ سے ڈی ایس پی راجیش کا خطاب

بھینسہ 23 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ پولیس کی جانب سے بھینسہ شہر کے ایس آر گارڈن میں ضلع نرمل ایس پی ششی دھر راجو کی زیرصدارت جاب میلہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس جاب میلہ میں ڈی ایس پی بھینسہ بی راجیش، سرکل انسپکٹر وی سرینواس، رورل سرکل انسپکٹر پراوین کمار کے علاوہ سب انسپکٹران اور ووکیشنل گرو کروپا کالج کے ذمہ داران اور سینکڑوں بے روزگار نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع ایس پی ششی دھر راجو نے کہاکہ عصر حاضر میں یہ نوجوان کو خود مکتفی بنتے ہوئے اپنے افراد خاندان کی کفالت کا ذریعہ بننا چاہئے اس لئے نوجوان طبقہ تعلیمی میدان کے علاوہ دیگر مسابقتی میدانوں میں اپنی اندرونی صلاحیتوں کو اُجاگر کرتے ہوئے آگے برھے اور روزگار سے منسلک ہوکر ترقی کی جانب گامزن ہو۔ انھوں نے کہاکہ محکمہ پولیس کا اصل مقصد دوستانہ ماحول کو فروغ دیتے ہوئے عوام بالخصوص نوجوان طبقہ کو بُرائیوں سے روکتے ہوئے روشن مستقبل کی جانب گامزن کرنا ہے۔ اس لئے محکمہ پولیس کی جانب سے ضلع نرمل میں جاب میلہ منعقد کرتے ہوئے بے روزگاری کے خاتمہ اور نوجوان تعلیم یافتہ بے روزگاروں کو روزگار سے منسلک کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں جس سے بے روزگار نوجوان استفادہ کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں مختلف کورسیس جن میں نرسنگ، اے این ایم، ایم پی ایچ ڈبلیو اور ہوٹل مینجمنٹ و دیگر کی مفت تربیت اپولو میڈ اسکیل کی جانب سے فراہم کرتے ہوئے روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ کیوں کہ نوجوان افراد ہی معاشرہ کی سماجی برائیوں کا خاتمہ کرسکتے ہیں اور نوجوان طبقہ ہی ملک کا مستقبل ہے۔ اس جاب میلہ میں سینکڑوں بے روزگار نوجوانوں نے شرکت کرتے ہوئے استفادہ کیا۔