نوجوانوں کو ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کا مشورہ

حق رائے دہی سے استفادہ پر زور ، مودی کے من کی بات
نئی دہلی ۔ /20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار اسمبلی انتخابات سے عین قبل وزیراعظم نریندر مودی نے انتخابات کے دوران زیادہ سے زیادہ تعداد میں حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے نام درج کروائیں اور حق رائے دہی کا استعمال کریں ۔ وزیراعظم مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’ من کی بات ‘ میں عوام کو ان کے حق رائے دہی کے بارے میں معلومات کی فراہمی و شعور بیداری کیلئے الیکشن کمیشن کے رول کی ستائش کی ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مختلف پروگراموں کے انعقاد کے ذریعہ ووٹ لسٹ میں زیادہ سے زیادہ شہریوں کے نام شامل کئے جارہے ہیں ۔

مودی نے اگرچہ بہار کے مجوزہ اسمبلی انتخابات کا کوئی حوالہ نہیں دیا البتہ ووٹر لسٹ میں نوجوانوں کے ناموں کے اندراج کے بارے میں ٹیلی فون پر ربط کرنے والے ایک شخص کی جانب سے پیش کردیا ۔ تجویز پر یہ اظہار خیال کیا ۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ ہر کسی کیلئے یہ لازمی ہے کہ وہ بحیثیت ووٹر اندراج کروائے اور وہ اپنا ووٹ بھی استعمال کرے ۔ مودی نے اس موقع پر اپنا یہ قول بھی دہرایا کہ ’’پہلے مت دان پھر جل پان ‘‘ (پہلے رائے دہی پھر تن دہی) ۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی ایک اہم فریضہ ہے اور ہر کسی کو یہ کام کرنا چاہئیے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت میں ہر ایک رائے دہندہ تقدیر سازی کا حصہ ہوتا ہے ۔ ہر شخص کو ووٹر لسٹ میں پتہ چلاتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانا چاہئیے کہ اس کا یہ لاقیمت حق (رائے دہی) ہنوز برقرار ہے ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی کارکردگی کی بھرپور ستائش کی اور کہا کہ یہ ادارہ قبل ازیں صرف ایک ریگولیٹر کے طور پر کام کرتا تھا لیکن اب ووٹروں کا شعور بیدار کرنے کیلئے کئی پروگرام چلارہا ہے ۔