منتخبہ امیر جماعت اسلامی بیدر محمد معظم کا صحافیوں سے خطاب
بیدر۔26؍جون۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔مولانا سید جلال الدین عمری امیرجماعت اسلامی ہند نے جماعت اسلامی ہند شاخ بیدر کے لئے محمدمعظم صاحب کاامیرمقامی کی حیثیت سے تقرر کیاہے۔ان کی معیاد اپریل 2015سے مارچ2017ء تک دوسال کے لئے ہوگی۔ جناب محمدمعظم تیسری بار بیدر کی جماعت اسلامی کے مقامی امیرمقرر ہوئے ہیں۔ جناب محمدمعظم کی عمر43سال ہے ۔ وہ ایم ایس سی ، بی ایڈ ہیں اور بیدر کے حاجی محمدسلطان میموریل اردو ہائی اسکول میں حساب کے مدرس ہیں۔ جس وقت انھوں نے پہلی دفعہ مقامی جماعت کی با گ ڈور سنبھالی تھی تو اس وقت ان کی عمر39سال تھی۔ غالباً وہ بیدر کی جماعت کے سب سے کم عمر امیرواقع ہوئے ہیں ۔ انھوں نے اپنے تقرر کے حوالے سے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی ہند کی پالیسی کانفاذ لازمی ہے۔ اس میقات (میعاد) میں جماعت اسلامی ہند کو عوامی تحریک بنایاجائے گا۔ انشاء اللہ ۔ اِقامت دین کے فریضہ کی ادائیگی کے لئے ملت کو ساتھ لیاجائے گا۔ اوراسی کے تحت کام ہوگا۔ نوجوانوں اور خواتین کے متعلق بتایاکہ بیدر میں خواتین کاشعبہ سرگرمِ عمل ہے۔ خواتین ارکان کی تعدادتیراہے۔ جو ایک بڑی تعداد ہے چونکہ جماعت میں فوری طورپر رکن نہیں بنایاجاتااس لئے تیراخواتین کی تعداد ایک بڑی تعداد مانی جاتی ہے۔خواتین کے پندرہ حلقے چلتے ہیں ۔ یوتھ ونگ کے بارے میں کہاکہ جماعت اسلامی کے تحت کام کررہے نوجوانوں کو مزید مستحکم اور سرگرم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس طرف خاص توجہ دی جائے گی تاکہ تاکہ نوجوان ملی کاز میں اپنا بھرپور رول اداکرسکیں۔جناب محمدمعظم مسجد نورِ محمدی کے قائم مقام امام بھی رہے ہیں ۔ ایس آئی او کے دس سالہ دور میں 4سال صدرِ مقامی اور 2سال ڈسٹرکٹ آرگنائزر رہے۔ امید ہے ان کی قیادت میں جماعت اپنے منصوبہ کو روبہ عمل لاتے ہوئے اللہ کے بندوں تک دین اسلام کو پہنچانے میں کامیاب ہوجائے گی ۔