کورٹلہ 9 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جمعیۃ العلماء شاخ کورٹلہ کے زیر اہتمام جلسہ سیرت النبی ﷺ 7 فبروری 2014 بروز جمعہ بعد نماز مغرب کنگس فنکشن ہال کورٹلہ زیر نگرانی مولانا سید مظہر قاسمی نائک صدر جمعیۃ العلماء ضلع کریم نگر منعقد ہوا ۔ جلسہ کی صدارت ریاستی صدر جمعیۃ العلماء آندھرا پردیش جناب پیر شبیر احمد ایم ایل سی نے کی، جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے مولانا عبدالقیوم فیاضی نظام آباد نے کہا کہ نبیؐ کی سیرت مبارکہ اپنی زندگی میں اپنانا ہی سعادت مندی کی بات ہے۔ مولانا نے کہا کہ اگر دنیا و آخرت میں کامیابی چاہتے ہوں تو نبی ﷺ کی سنتوں پر چلنا چاہئے۔ مولانا محمد یوسف قاسمی صدر جمعیۃ العلماء ضلع کریم نگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نئی نسل کو پیارے نبیؐ کی سیرت سے واقف کروانا ہم سب کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ آج میڈیا کے ذریعہ فلمی شخصیت کو ایسا ابھارا جارہا ہے کہ جس کی وجہ سے بچہ بچہ ان فلمی اداکاروں سے واقف ہے ان کے طرز زندگی کو اختیار کرتے ہوئے فخر محسوس کررہا ہے۔مولانا نے کہا کہ آج کا نصاب تعلیم دین بیزاری پر مشتمل ہے ہماری نئی نسل میں بگاڑ آتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی تہذیب کے اثر کی وجہ سے
آج ہمیں بہترین قسم کی سواری، بہترین قسم کے کپڑے، بہترین گاڑی ،بہترین گھر ،اچھا کھانا ،اچھی نوکری ہمیں اچھا لگ رہا ہے جو ایک دھوکا ہے ۔ عزت کا معیار تو حضور ﷺ کی سیرت مبارکہ ہے جو آپؐ کی پاکیزہ زندگی کے حالات سے ہمیں واقف ہونا ہمارے لئے بہت ہی ضروری ہے۔ آپ کی پاکیزہ زندگی کے حالات سے ہمیں واقف ہونا ہمارے لئے بہت ہی ضروری ہے۔ جلسہ کو حافظ پیر شبیر احمدایم ایل سی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر چیز کیلئے وقت فارغ کررہے ہیں پیارے نبی کی سیرت اور قرآن کو پڑھنے اور سمجھنے کیلئے ہمارے پاس وقت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس صدر جمہوریہ ہند کے پاس سے کوئی لیٹر یا خط آتا ہے تو سمجھنے کیلئے کئی لوگوں کے پاس جاتے ہیں اور اس خط کے مطلب اور مفہوم کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں ہمارے پاس خالق کائنات کا پیغام آیا ہے اس کو ہم سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے ۔
پیارے نبیؐ کی سیرت سے ہم واقف نہیں ہیں۔ انہوں نے قرآن اور سیرت النبیﷺ سے واقفیت پر زور دیا۔ حافظ شبیر احمد نے کہا کہ ہم گھنٹوں اخبار بینی میں مصروف رہتے ہیں لیکن قرآن و حدیث کا مطالعہ کرنے کیلئے ہمارے پاس وقت نہیں ہے۔ اس موقع پر سیرت کوئز مقابلوں میں کامیاب طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ مولانا سید مظہر قاسمی کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔ اس جلسہ میں صدر جمعیۃ العلماء کورٹلہ احمد عبداللہ قاسمی ،مولانا عبدالکریم اسعدی،مولانا محمد ذاکر، مولانا مشتاق،مفتی ضمیر سبیلی، مولانا عابد، حافظ عبدالعلیم ،حافظ عبدالعزیز مٹ پلی کے علاوہ مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔