محبوب نگر۔/28فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بے روزگار نوجوان کچھ نہ کچھ کرتے رہیں اور روزگار کے مواقع تلاش کرتے رہیں۔ یہ مشورہ ضلع ایس پی ڈاکٹر انورادھا نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے دیا۔ وہ پولیس پریڈ گراؤنڈ محبوب نگر میں منعقدہ جاب میلہ سے مخاطب تھیں۔ یہ میلہ ضلع پولیس کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا تھا۔ ہزاروں بیروزگار نوجوان لڑکے ولڑکیاں موجود تھے۔ ضلع ایس پی نے کیروز ( کمپوزٹ سرویس پرائیویٹ لمیٹیڈ ) سکندآباد کمپنی کے تحت 210 جائیدادوں پر تقررات کیلئے جا میلہ کی نگرانی کی۔108 ایمبولنس سروس، کال سنٹر ایکزیکیٹوز، ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن اور سیکورٹی گارڈز کی جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ ضلع ایس پی نے بتایا کہ پولیس فرینڈلی پولیسنگ کا کردار ادا کررہی ہے اور یہ جاب میلہ اس کا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے جاب میلے آئندہ بھی منعقد کئے جاتے رہیں گے۔ اس موقع پر اے ایس پی، ڈی ایس پی و دیگر موجود تھے۔
نوجوان لڑکی کی خودکشی
چنور۔/28 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راما کرشنا پور پولیس اسٹیشن ایریا کے وینکٹا پور کی متوطن 20سالہ لڑکی نے خودکشی کرلی۔ پولیس ایس آئی وینو گوپال راؤ نے بتایا کہ یہ لڑکی ایم ایل اے کالونی کی رہنے والی تھی، کچھ دنوں سے پیٹ کے درد میں مبتلاء بتائی گئی۔ گھر کے افراد سامنے موجود رہنے کے باوجود وہ گھر کے پچھلے حصہ میں جاکر پھانسی لگالی۔ خاندان والوں نے پولیس کو اطلاع دی۔