حیدرآباد ۔ 3 جولائی (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے گرامین ’’سوا روزگار یوجنا‘‘ کے نام پر سینکڑوں بے روزگار نوجوانوں کو ٹھگنے والے شاطر دھوکہ باز بھرت کمار عرف راج گپتا اور اس کے ایجنٹ بالا کرشنا کو گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس (کرائمس) شریمتی سواتی لکرا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ بھرت کمار کا تعلق بہار سے ہے اور وہ سابق میں کولکتہ کے بھارت ڈیولپمنٹ اسکیل آرگنائزیشن نامی ادارہ میں کام کرچکا ہے جو فرضی تھا۔ دھوکہ باز بھرت کمار نے اپنے ساتھی راجیش کمار سنگھ کے ہمراہ حیدرآباد پہنچ کر نوجوانوں کو جھانسہ دیکر رقم ہڑپنے کی غرض سے بنجارہ ہلز روڈ نمبر 11 میں ایک فلیٹ کرائے پر حاصل کیا اور بعدازاں برائیڈ کنسلٹنسی میان پاور سے رابطہ قائم کرکے وجئے آنند اور ساریکا نامی دو ملازمین کو رکھا۔ بیروزگار نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے کا جھانسہ دیکر لوٹنے کی غرض سے مذکورہ ادارہ قائم کیا گیا تھا اور گرامین سوا روزگار یوجنا کے نام سے متاثر ہوکر سینکڑوں نوجوانوں نے اس ادارہ سے رجوع ہوکر بھاری رقومات جمع کئے۔ وجئے آنند جو مذکورہ ادارہ میں آفس انچارج تھا، اپنے ایجنٹس وینوگوپال، راجندر پرساد، کوشال، پدما پریہ، مبین، ایم اے رؤف، سوریہ نارائنا، روی نائیک، رامچندر نائیک اور بالو نائیک کو کمیشن فراہم کیا اور بیروزگار نوجوانوں کو بھرت کمار عرف راج گپتا نے فرضی آفر لیٹرس حوالے کئے۔ شریمتی سواتی لکرا نے بتایا کہ 20 جون کو ایک ٹی وی چینل اور سائبر کرائم پولیس نے روزگار یوجنا کے دفتر پر دھاوا کرتے ہوئے چار ایجنٹس کو گرفتار کیا تھا جبکہ اس کیس کا کلیدی ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ سی سی ایس کی سائبر کرائم پولیس نے آج بھرت کمار راج گپتا اور اس کے ایجنٹ بالا کرشنا کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور ان کے قبضہ سے دو لاکھ نقد رقم، بینک پاس بک، ساڑھے پانچ مالیتی طلائی زیورات، فرضی آفر لیٹرس اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا۔ ایڈیشنل کمشنر کرائمس نے بتایا کہ اس کیس میں سائبر کرائمس کو وینو گوپال، ذاکر، راجندر پرساد اور دیگر کی تلاش جاری ہے اور ان افراد سے متعلق کسی بھی اطلاعات کو انسپکٹر مارکٹ انٹلیجنس مسٹر کے وی ایم پرساد کو ان کے موبائیل نمبر 9490616648 پر فراہم کی جاسکتی ہے۔