نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے کیلئے زرعی پالی ٹیکنک کا قیام

یلاریڈی میں وائس چانسلر پروین راؤ کا اخباری نمائندوں سے خطاب
یلاریڈی۔ 22 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مواضعاتی علاقوں کے نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے کے مقصد سے ہی ریاست بھر میں چار زرعی پالی ٹیکنک کالجوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے مالتمیدہ تخم سنٹر کے قریب زرعی پالی ٹیکنک کالج کے قیام کیلئے ضروری اراضی کا مسٹر پراوین راؤ پروفیسر وائس چانسلر جئے شنکر زرعی یونیورسٹی نے یلاریڈی رکن اسمبلی مسٹر رویندر ریڈی کے ساتھ مل کر معائنہ کیا اور گول لنگال گیسٹ کے قریب تخم سنٹر کی اراضی پر زرعی پالی ٹیکنک کالج کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا۔ وائس چانسلر مسٹر پراوین راؤ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ریاست بھر میں مالتمیدہ کے ساتھ ساتھ جمی کنٹہ، سرسلہ، ڈورنکل (سدی پیٹ) علاقوں میں زرعی پالی ٹیکنک کالجوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ اس کالج میں گرام پنچایتی حدود کے طالب علموں کو ہی داخلہ دیا جائے گا۔ کورس تلگو میڈیم سے رہے گا جو دو سالہ ہوگا۔ زرعات سے متعلق مکمل تعلیم سے آراستہ کرنا ہی اس کورس کا مقصد ہے۔ کالج میں رہائشی انتظام بھی رہے گا۔ اس کالج سے کورس مکمل کرنے والے طلباء کو مختلف کمپنیوں میں روزگار ملے گا۔ پالی ٹیکنک کالج میں تعلیم حاصل کرنے والا طالب علم اگری سیٹ تحریر کرکے بی ایس سی اگریکلچر میں داخلہ لے سکتا ہے۔ اس سال سے متعلقہ درخواستوں کا سلسلہ مکمل ہوگیا ہے۔ آنے والے ماہ میں کونسلنگ منعقد کی جائے گی۔ یلاریڈی رکن اسمبلی مسٹر رویندر ریڈی نے کہا کہ مالتمیدہ تخم سنٹر کی اراضی پر 500 ایکٹرس میں نیشکر کی کاشت کی کاشت کی جائے گی۔ اس سنٹر کی 800 ایکڑ اراضی کو کاشت کیلئے مکمل استعمال کی جائے گی۔ پالی ٹیکنک کالج کیلئے 50 ایکڑ کی ضرورت ہے جس میں فی الوقت اب صرف 25 ایکڑ ہی اراضی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ باقی 25 ایکڑ سروے نمبر 834 میں حاصل کی جائے گی۔ اس اراضیات پر فصلوں کی کاشت کیلئے پوچارم پراجیکٹ سے آپ سربراہ کیا جائے گا۔ تخم سنٹر کی اراضی پر قبضہ داروں کو کوئی بھی نہ ہونے والے اگر غریب افراد ہو تو انہیں ایک مستقل اراضی مختص کی جائے گی۔ اس موقع پر پالی ٹیکنک ڈائریکٹر مسٹر دھرما ریڈی، اگریکلچر انجینئر مسٹر سداشیو راؤ، JDA، مسٹر نرسمیا، ADA مسٹر شیام سندر ریڈی، ZPTC مسٹر نارائنا، منڈل پریشد صدر شریمتی روشماں موجود تھے۔