کاماریڈی۔ 17 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کاماریڈی کے نوجوانوں کو معاشی طورپر مستحکم کرنے روزگار کے حصول کیلئے مختلف شعبوں میں تربیت دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر آج کاماریڈی میں نائک سنٹر میں سٹ ون کی جانب سے شروع کردہ بیوٹیشن و دیگر کورسس کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ چیرمین سٹ ون مقصود علی نے آج سٹ ون کی جانب سے کاماریڈی میں بیوٹیشن و دیگر کورسس کا افتتاح کیا ۔
اس موقع پر محمد علی شبیر نے کہا کہ 2005 ء میں بحیثیت وزیر این آر آئی خلیج کے متاثرین کا جائزہ لینے کے بعد چیف منسٹر مسٹر راج شیکھر ریڈی نے خلیج کے متاثرین کی باز آباد کاری کا مشورہ دیا تھا۔تقریباً 35 ہزار متاثرین خلیج سے واپس وطن آئے تھے اور ان میں بیشتر افراد تلنگانہ اور ضلع نظام آباد کے تھے جس پر ان متاثرین کیلئے جاب میلہ کا انعقاد کرتے ہوئے روزگار فراہم کرنے کی کوشش کی گئی اور ان متاثرین کو فنی تربیت دینے کی غرض سے نائک سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ انتخابات میں شکست کے بعد نائک سنٹر کو برخواست کیا جارہا تھا لیکن نوجوانوں کے حالات کو نظر میں رکھتے ہوئے ذاتی طورپر نائک سنٹر کی عمارت تعمیر کرنے کیلئے مرحوم والد محمد معصوم کے نام سے فائونڈیشن قائم کرتے ہوئے 40تا 50لاکھ روپئے خرچ کرتے ہوئے پختہ عمارت تعمیر کی گئی اوراس میں اب تک 560 لڑکیوں کو ٹیلرنگ ، ڈائزنگ ، کرافٹ و دیگر تربیت دیتے ہوئے 560 مشین شبیر فائونڈیشن کے ذریعہ مفت میں لڑکیوں کو دیا گیا
اس کے علاوہ 2007 سے اب تک نائک سنٹر میں الیکٹریشن ، پلمبر ، میسن اور دیگر تربیت دیتے ہوئے انہیں خلیج میں ملازمت کے علاوہ وطن میں بھی ملازمت حصول کے موقع فراہم کئے گئے ۔ نائک سنٹر میں کمپیوٹر تربیت بھی دی جارہی ہے جدیدکورسس کی تربیت بھی دی جارہی ہے لڑکیوں کو مزید کورسس فراہم کرنے کیلئے سٹ ون کے تعاون سے بیوٹیشن اور دیگر کورسس کا بھی آغاز کیا گیا ہے تاکہ لڑکیاں خود کفیل بن سکے ۔ اس موقع پر چیرمین سٹ ون مسٹر مقصود علی نے کہا کہ سٹ ون کی جملہ 33 شاخیں ہے جو شہر کے علاوہ دیگر مقامات پر ہے کاماریڈی میں شبیر علی کی خواہش پر سٹ ون کی شاخ قائم کی گئی اس میں لڑکیوں کو بیوٹیشن کے علاوہ لڑکوں کیلئے ڈیزل میکانک ، آرایم سی پٹرول میکانک و دیگر کورسس کا بھی آغاز کیا جارہا ہے کاماریڈی شہر میں دو سنٹرس کے علاوہ کاماریڈی حلقہ کے ماچہ ریڈی ، دومکنڈہ ، بھکنور میں بھی یہ شاخیں قائم کی جارہی ہے ہوٹل مینجمنٹ ، سل فون ریپر جیسی جدید تربیت بھی سٹ ون کے ذریعہ دی جارہی ہے ۔
اس موقع پر سابق صدرنشین وقف بورڈ جناب خسرو پاشاہ افضل بیا بانی نے اپنی تقریر میں کہا کہ شبیر علی کاماریڈی حلقہ کی عوام کیلئے کئی اسکیمات کو منظور کرانے کے علاوہ نوجوانوں کو معاشی طورپر مستحکم کرنے کیلئے کئی تربیتی پروگرامس انجام دیتے ہوئے روزگار کے مواقع فراہم کررہے ہیں ان کی خدمات قابل ستائش ہے اس موقع پر جناب خلیق الرحمن نے اپنی تقریر میں کہا کہ شبیر علی کاماریڈی نہیں بلکہ ملک کی سطح پر ایک مثال قائم کی ہے انہوںچار فیصد تحفظات فراہم کرتے ہوئے ملک بھر میں ایک مثال قائم کی ہے ۔ جناب افضل سینئر کانگریس قائد کے علاوہ مشیر آباد کے کارپوریٹر واجد حسین ، آل انڈیا میناریٹی فورم کے سکریٹری جابر پٹیل ، سید عبدالسمیع ، اطہر ، سید یوسف ہاشمی سکریٹری آندھراپردیش کانگریس کمیٹی ، معین جوبلی ہلزکے علاوہ جمنا راتھوڑ اور دیگر نے بھی مخاطب کیا ۔ سابق صدرنشین بلدیہ کے سرینواس کے شکریہ پر جلسہ اختتام کو پہنچا ۔ اس موقع پر تربیت یافتہ نوجوانوں کو سرٹیفکٹس کے علاوہ لڑکیوں کو سلائی مشین کی تقسیم بھی عمل میں لائی گئی اس جلسہ میں ضلع اقلیتی سیل کے چیرمین سمیر احمد ،کانگریس قائد و فرزند محمد علی شبیر محمد الیاس، نائب صدور ضلع کانگریس کمیٹی اشفاق احمد خان، مولانا کریم الدین کمال کانگریس قائد سید نجیب علی، ضلع وقف کمیٹی نائب صدر سید انور احمد، صدر وقف کمیٹی کاماریڈی میر ہدایت علی حاجی، کانگریس قائدین اے راج ریڈی ، این اشوک و دیگر بھی موجود تھے۔