نوجوانوں کو تبلیغ دین میں مشغول ہونے کی تلقین

نظام آباد:5؍ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جس قوم کے نوجوان خوابِ غفلت میں مبتلا ہوں وہ قوم کبھی کامیابی کی زینوں پر چڑھانہیں کرتی۔ حقیقتاً اسی قوم نے دنیا میں اپنا دبدبہ قائم رکھا جس کے نوجوان حقیقت سے ناآشنا نہ تھے اور نہ ہی کبھی انہوںنے اپنے اندر کی چنگاری کو بجھنے دیا۔ جب بھی نوجوانوںنے اپنی آواز بلند کی اس آواز کے سامنے کوئی تاب نہ لاسکا۔ نوجوان ہر قوم کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے جس کا مضبوط وصحت مند ہونا بے حد ضروری ہے۔ ان خیالات کااظہار برادر محمدعامرخان چیف ایڈیٹر ماہنامہ التوحید نظام آباد نے ایس آئی او آرمور کے تفریحی پروگرام منعقدہ پوچم پاڈ پراجیکٹ میں شریک طلباء کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے اپنی گفتگو کے دوران بتایاکہ اسلام حقیقتاً مکمل نظام حیات ہے جس کا دنیامیں قائم ودائم رہنا بے حد ضروری ہے تبھی دنیا امن کی زندگی بسر کرسکتی ہے لیکن اس موقع پر خاص کر مسلم نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی جوانی کو نفسانی خواہشات کی عمل آوری میں صرف کرنے کے بجائے اسلامی تعلیمات کی تبلیغ وتشہیر میں لگائیں۔ اسلامی قانون کے نفاذ کی پُرجوش ومستقل انداز میں سعی وجدوجہد کریں تاکہ کل روزِ قیامت اللہ کے سامنے ہم سرخرو ہوسکیں۔ بعدازاں عبدالسلام قمر ممبر کلچرل فورم نے تول مول کے بول گیم کے ذریعہ ماحول کوگرمادیا ۔ جس میں کئی طلباء نے حصہ لیا۔ بعدظہرانہ گروپ کی شکل میں طلباء نے قدرتی نظاروں کا مشاہدہ کیا اور لطف اندوز ہوئے۔ پروگرام کااختتام عرفان خان کی تذکیری کلمات سے ہوا۔ اس موقع پر برادر عمران جابر ی، اسلم بن محسن، عبداللہ ،معز خان کے علاوہ توصیف رہبر سمیت کثیر طلباء کی تعداد موجود تھی۔