ظہیرآباد /3 مارچ ( ای میل ) جناب شفیع الدین سینئیر ایڈوکیٹ نے کہا کہ نئی نسل کو اردو زبان ادب سے جوڑنا نہایت ناگزیر ہے ۔ فی زمانہ نوجوان نسل اردو سے دور دور ہوتی جارہی ہے ۔ سمینار ، سمپیوزیم اور شاعروں کے ذریعہ انہیں اردو سے جوڑا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشاعروں میں شرکت کے ذریعہ انہیں اردو سے جوڑا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشاعروںمیں شرکت کی ترغیب دے کر نوجوانوں کو اردو سے قریب کیا جاسکتا ہے اور اردو کے تئیں ان کے دلوں میں محبت کو جاگزیں کیا جاسکتا ہے ۔ وہ کل یہاں لٹریری فورم ظہیرآباد کے زیر اہتمام منعقدہ مشاعرہ سے خطاب کر رہے تھے ۔ مشاعرہ کی صدارت سینئیر شاعر جناب لطیف آرزو نے کی جبکہ طنز و مزاح کے ممتاز شاعر جناب وحید پاشاہ قادری مہمان خصوصی تھے ۔ جناب سعداللہ خان سہیل جنرل سکریٹری لٹریری فورم نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ جناب منیر ساخر ، ڈاکٹر نوید عبدالجلیل ، جناب سعداللہ خان سبیل ، جناب فیاض علی سکندر ، جناب شفیع الدین شفیع ، حافظ نظام الدین عازم ، فیض عباس کے علاوہ صدر مشاعرہ جناب لطیف آرزو اور جناب وحید پاشاہ قادری نے اپنا کلام پیش کیا ۔ جناب غوث الدین نظامی کی قرات کلام پاک سے اس مشاعرہ کا آغاز ہوا ۔ جناب وحید پاشاہ قادری کی مزاحیہ شاعری سے سامعین محظوظ ہوتے رہے ۔