نوجوانوں میں خدمت خلق اور اصلاح معاشرہ کا جذبہ ضروری

جنگاؤں میں مولانا یوسف زاہد کا خطاب
جنگاؤں /22 مارچ (ای میل) جنگاؤں تلنگانہ علماء کونسل کے ریاستی صدر اور ٹی آر ایس کے سینئر قائد مولانا یوسف زاہد نے جنگاؤں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جناب محمد عظیم الدین ڈسٹرکٹ مائناریٹی سکریٹری ضلع ورنگل کی رہائش گاہ پر نوجوانان جنگاؤں کی جانب سے مولانا کی گلپوشی کی گئی۔ انھوں نے اس موقع پر اصلاح معاشرہ اور سیاسی امور پر سیر حاصل تقریر کی اور کہا کہ اصلاح معاشرہ کی ذمہ داری شہر کے نوجوانوں پر عائد ہوتی ہے۔ نوجوانوں میں خدمت خلق کا جذبہ پیدا کرنا اور سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ سیاست میں رہ کر ہی معاشرہ کی اصلاح ممکن ہے۔ انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اخلاق کے ساتھ زندگی گزارنا چاہئے۔ انھوں نے نوجوانوں کو ایک مثالی زندگی گزارنے کی تلقین کی اور اصلاح معاشرہ میں دلچسپی لینے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں انھوں نے جنگاؤں کے دینی مدرسہ کاشف العلوم کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر مقصود احمد خاں، مولانا حافظ عظمت علی، مولانا حافظ مقصود احمد، مولانا عبد الرحمن، محمد عظیم الدین سکریٹری ٹی آر ایس مائناریٹی سیل ضلع ورنگل، عابد محی الدین، جہانگیر، فاروق عبید کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔