لندن ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلش فٹبال ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فٹبالر ڈیوڈ بیکہم نے پاکستان کی نوبل انعام یافتہ نوعمر طالبہ ملالہ یوسف زئی سے ملاقات کر کے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ یونیسف کے سفیر بیکہم نے تعلیم کے فروغ کیلئے طالبان کے خلاف ڈٹ جانے والی 18 سالہ طالبہ کے ساتھ تصویر کھنچوا کر اسے ’انسٹاگرام‘ پر پیش کیا۔ انہوں نے تصویر کے ساتھ اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’میں انتہائی خوش قسمت ہوں کہ میری ناقابل یقین اور متاثر کن ملالہ کے ساتھ دوبارہ ملاقات ہوئی، وہ صحیح معنوں میں بہت سے لوگوں کیلئے رول ماڈل ہیں‘‘۔ بیکہم کی ملالہ سے پہلی ملاقات دو سال قبل ہوئی تھی جب انھیں ’ڈیلی مرر پرائیڈ آف برٹین‘ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ 2012ء میں طالبان کے حملے میں شدید زخمی ہونے والی دنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ ملالہ اِن دنوں تعلیم کے سلسلے میں بیرون پاکستان مقیم ہیں اور انہوں نے اپنے گزشتہ امتحانات میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے چھ اے پلس اور چار اے درجات حاصل کئے ۔