نوبال کے بعد وارنر کی حیرت انگیز سنچری ،آسٹریلیا کا موقف مزید مستحکم

کپتان اسمتھ لگاتار چوتھی باکسنگ ڈے سنچری کے راستہ پر گامزن، ایشیس سیریز میں انگلینڈ پر ناقابل تسخیر سبقت

ملبورن ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ڈیوڈ وارنر نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ایشیس ٹسٹ میں خوش قسمتی سے نوبال کی راحت سے اپنی سنچری مکمل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو ایک مستحکم موقف میں پہنچا دیا جبکہ میزبان ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ اپنی بیٹنگ کا مضبوط آغاز کرتے ہوئے لگاتار چوتھی باکسنگ ڈے سنچری بنانے کے راستہ پر تیزی سے گامزن ہیں۔ وارنر کو اپنی 21 ویں ٹسٹ سنچری کی تکمیل کی کوشش میں آج اس وقت غیرمعمولی طور پر حیرت انگیز راحت ملی۔ وہ نوبال کے سبب اس وقت آؤٹ ہونے سے بال بال بچ گئے جب ان کا انفرادی اسکور 99 رن تھا۔ وہ انگلینڈ کے نئے بولر ٹام کرنے کے پانچویں اوور کی آخری گیند کا سامنا کررہے تھے۔ کپتان اسٹیو اسمتھ جو اپنی چوتھی باکسنگ ڈے سنچری بنانے کے راستہ پر ہیں۔ ملبورن کے 2014ء باکسنگ ڈے میچ کے بعد تاحال ایک وقت بھی آؤٹ نہیں ہوئے ہیں۔ کھیل کے اختتام تک وہ 65 رن پر اور ان کے ساتھی شان مارٹن 31 رن پر کھیل رہے تھے۔ آسٹریلیا کا مجموعی اسکور تین وکٹ کے نقصان سے 244 رن رہا۔ اسمتھ گذشتہ تین باکسنگ ڈے ٹسٹ میچوں میں ہندوستان کے خلاف 192، ویسٹ انڈیز کے خلاف 134 اور پاکستان کے خلاف 165 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔ رواں سیزن میں اسمتھ تاحال پانچ اننگز میں 163.66 کے حیرت انگیز اوسط کے ساتھ 491 رن بنا چکے ہیں۔ وارنر آج تقریباً 40 منٹ تک 90 سے زائد رن سے آگے نہیں بڑھ سکے تھے اور جیسے ہی 99 کے اسکور پر پہنچے سنچری پر توجہ مرکوز کی اور نئے کھلاڑی ٹام کرن کے پانچویں اوور کی آخری گیند پر سنچری ہٹ لگانے کی کوشش میں مڈ آن کے قریب کیچ اٹھا دیا، جس کے ساتھ ہی حریف انگلینڈ کی ٹیم نے جشن منانا شروع کردیا لیکن مہمانوں کی خوشی دیرپا ثابت نہیں ہوئی کیونکہ ایکشن رپلے سے یہ پتہ چلا کہ کرن نے کریس عبور کرتے ہوئے نوبال ڈالا تھا۔ چنانچہ وارنر کو دوبارہ کریس پر واپس طلب کرلیا گیا۔ وارنر نے بعدازاں پہلی ہی گیند پر اپنی سنچری مکمل کرلی، جس کے ساتھ ہی مداحوں کے نعروں کے ساتھ جشن کا ماحول پیدا ہوگیا۔ خوشی سے سرشار وارنر نے ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر باکسنگ ڈے کے موقع پر جمع 88.172 مداحوں کی کثیر تعداد ہلمٹ لہراتے ہوئے تہنیتی سلام کا جواب دیا۔ پانچ ٹسٹ میچوں کی اس سیریز میں آسٹریلیا پہلے ہی تین۔ صفر کے ساتھ انگلینڈ پر ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرچکا ہے اور پریشان حال مہمانوں کے خلاف صفر کے مقابلے پانچ سے وہائیٹ واش کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ وارنر اپنی سنچری کے بعد زیادہ دیر کریس پر نہیں رہے اور 103 رن کے اسکور پر جیمس اینڈرسن کی گیند پر پکڑے گئے۔ وارنر نے 151 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری مکمل کی۔ وارنر کو آؤٹ کرتے ہوئے اینڈرسن نے بھی ایشیس میں اپنا 100 واں وکٹ حاصل کرلیا۔ سنچری کی تکمیل کے عمل میں وارنر نے 70 ویں ٹسٹ میں 6000 رن کی تکمیل کی، جس کے ساتھ ہی گریگ چیاپل، ڈان براڈمین، رکی پونٹنگ اور میپیو ہیڈن کے بعد وارنر نے چوتھے تیز رفتار رن بنانے والے آسٹریلیائی بیٹسمین بنائے گئے ہیں۔ انگلینڈ نے درمیان سیشن میں کیمرون بنکرافٹ کا وکٹ بھی حاصل کرلیا۔ وہ 35 ویں اوور میں کرس واؤکس کا سامنا کرتے ہوئے ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ بینکرافٹ نے تیزی سے رن بنانے والے وارنر کے ساتھ ایک خاموش معاون کی حیثیت سے 122 رن کی رفاقت نبھائی۔ اس سیریز میں یہ پہلا موقع تھا کہ انگلینڈ کے کپتان جوروٹ ٹاس جیتنے میں ناکام رہے۔ آسٹریلیا کے کھلاڑی اپنے وکٹ کیپر ٹم پائین کے خسر تھامس مگس کی یاد میںاپنے بازو پر سیاہ پٹی باندھی تھی جن کا اتوار کو انتقال ہوگیا۔