نواک جوکووچ نے ومبلڈن سنگلز خطاب جیت لیا

لندن 6 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سربیا کے اسٹار ٹینس کھلاڑی نواک جوکووچ نے اپنے کیرئیر کا دوسرا ومبلڈن خطاب جیت لیا ۔ ان کے کیرئیر کا یہ ساتواں گرانڈ سلام خطاب رہا ہے ۔ انہوں نے فائنل میں روجر فیڈرر کے خلاف 6 – 7, 6 – 4, 7 – 6, 5 – 7, 6 -4 سے فائنل میں کامیابی حاصل کرلی ۔ اس طرح جوکووچ نے فیڈرر کا ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ومبلڈن خطاب جیتنے کا خواب چکنا چور کردیا ۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی جوکووچ گذشتہ تین گرانڈ سلام فائنلس میں مسلسل شکست کے اپنے سلسلہ کو بھی ختم کرنے میں کامیاب رہے ۔ جوکووچ نے 2011 میں بھی ومبلڈن کا سنگلز خطاب جیتا تھا ۔ چوتھے سیٹ میں جوکووچ 5 – 2 سے پیچھے ہوگئے تھے اور اس موقع پر انہوں نے میچ پوائنٹ بھی بچایا ۔ انہوں نے تاہم بہترین جدوجہد کرتے ہوئے فیڈرر کو خطاب جیتنے سے محروم رکھا اور میچ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے خطاب اپنے نام کرلیا ۔

جوکووچ نے اپنا آخری گرانڈ سلام خطاب گذشتہ سال 2013 میں آسٹریلین اوپن کا خطاب جیتا تھا ۔ میچ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے روجر فیڈرر نے کہا کہ انہیں یقین نہیں آتا کہ یہ میچ پانچ سیٹوں تک گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک موقع پر انہوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تھا لیکن جوکووچ نے بھی میچ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے کامیابی درج کروالی ہے ۔ فیڈرر نے کہا کہ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ وہ یہ خطاب جیتنے میں کامیاب ہوجائیں گے تاہم جوکووچ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ میں نہ صرف واپسی کی بلکہ انہوں نے ومبلڈن کا سنگلز خطاب جیت لیا