ملبورن ۔ یکم فبروری ( رائیٹرس ) نواک جوکووچ نے ملبورن کے ہارڈ کورٹس اپنے تسلط کو برقرار رکھتے ہوئے برطانیہ کے اینڈی مرے کو شکست دیدی اور انہوں نے آسٹریلین اوپن خطاب جیت لیا ہے ۔ یہ ان کے کیرئیر کا پانچواں آسٹریلین اوپن خطاب تھا ۔ انہوں نے فائنل میں مرے کو 7 – 6, 6 – 7, 6 – 3, 6 – 0 سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کرلیا ۔ دونوں کھلاڑیوں نے فائنل میں سخت جدوجہد کی اور ایک بھی پوائنٹ گنوانے کو تیار نہیں تھے ۔ انہوں نے بہترین مسابقت کرتے ہوئے وہاں موجود شائقین کو محظوظ کیا ۔ آخری وقتوں میں ایسا لگ رہا تھا کہ مرے تھکنے لگے ہیں اور وہ جوکووچ کی رفتار اور ان کے فٹنس کا مقابلہ کرنے کے موقف میں نہیں رہے ۔ یہی وجہ رہی کہ جوکووچ نے آخری 13 میں 12 گیمس جیت کر میچ اور خطاب اپنے نام کرلیا ۔ جوکووچ نے دوسرے میچ پوائنٹ کے ذریعہ کامیابی حاصل کی اور وہ دوڑتے ہوئے نیٹ تک پہونچے ۔ شکست کے بعد اینڈی مرے افسردہ دکھائی دے رہے تھے ۔ مرے کو حالانکہ ابتداء میں تین بریک پوائنٹس ملے تھے لیکن وہ ان کا فائدہ نہیں اٹھا پائے ۔ جوکووچ نے مرے کی اس کمزوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سبقت حاصل کرلی تھی اور دھیرے دھیرے میچ پر گرفت مضبوط بناتے رہے ۔ حالانکہ مرے نے بھی شدید مزاحمت کی لیکن وہ جوکووچ کو پیچھے نہیں چھوڑ پائے ۔ دونوں ہی کھلاڑیوں نے فائنل میں بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کو محظوظ کیا ۔اس کامیابی کے ساتھ جوکووچ نے آسٹریلین اوپن میں اپنی اجارہ داری اور بالادستی کو برقرار رکھا ہے ۔ انہوں نے اپنے کیرئیر میں پانچویں مرتبہ یہ خطاب جیتا ہے ۔