نواز شریف کے خلاف عدالتی سماعت ملتوی

اسلام آباد ۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسلام آباد کی ہائیکورٹ نے پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اس عرضداشت کو مسترد کردیا جہاں موصوف نے ان پر عائد کئے گئے بدعنوانیوں کے تینوں الزامات کو صرف ایک معاملہ میں ضم کردینے کی درخواست کی تھی۔ دو رکنی بنچ نے ایک مختصر حکمنامہ جاری کرتے ہوئے ان کی عرضداشت مسترد کردی اور یہ بھی کہاکہ تفصیلی فیصلہ بھی عنقریب صادر کیا جائیگا۔ قومی احتسابی بیوریو نے ستمبر میں نواز شریف اور انکے ارکان خاندان کیخلاف بدعنوانیوں کے معاملات درج کئے تھے۔ نواز شریف نے آج سخت سیکوریٹی میں اپنی دخترمریم نواز اور داماد محمد صفدر کیساتھ عدالت میں حاضری دی تھی۔ دوپہر ایک بجے تک سماعت کا سلسلہ جاری رہا جسکے بعد عدالتی کارروائی ملتوی کردی گئی اور نواز شریف کو اس شرط کیساتھ گھرجانے کی اجازت دی گئی کہ مستقبل میں جب جب سماعت کیلئے عدالت میں طلب کیا جائیگا۔ نواز شریف کو حاضر ہونا پڑے گا۔