نواز شریف کی جیل میں ہیلپر مہیا کرائے جانے کی درخواست مسترد

اسلام آباد۔3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف جو اس وقت لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں، اپنی کوٹھری کی صاف صفائی اور دیکھ بھال خود ہی کررہے ہیں۔ کیوں کہ صوبہ پنجاب کی حکومت نے نواز شریف کو جیل میں ان کے کام کاج کرنے میں مددگار کے طور پر ایک قیدی مہیا کرائے جانے کے لیے انکار کردیا ہے۔ یاد رہے کہ العزیزیہ اسٹیل ملز بدعنوانی معاملہ میں نواز شریف کو سات سال کی سزائے قید سنائی گئی ہے۔ انگریزی اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے انسپکٹر جنرل برائے پریزنس شاہد سلیم بیگ نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کو جیل کے کام کاج میں ہاتھ بٹانے ایک قیدی مہیا کرائے جانے کی ان کی درخواست کو یہ کہہ کر مسترد کردیا گیا کہ موصوف جیل میں اپنے کام کاج خود اپنے ہاتھوں سے انجام دیں۔