نواز شریف کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئے

لاہور۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف بدعنوانیوں کے معاملات میں اپنی 7 سالہ سزا کاٹنے دوبارہ جیل پہنچ گئے۔ یاد رہے کہ انہیں 6 ہفتوں کی ضمانت پر رہا کیا گیا تھا اور یہ ہدایت کی گئی تھی کہ موصوف پاکستان چھوڑ کر بیرون ملک نہیں جاسکتے۔ گزشتہ ماہ 69 سالہ نواز شریف سے جو ملک کے تین بار وزیراعظم رہ چکے ہیں، اپنا علاج بیرون ملک کروانے کیلئے درخواست کا ادخال کیا تھا تاہم اسے مسترد کردیا گیا۔ منگل کو پہلے روزہ کے افطار کے بعد نواز شریف اپنے جاتی امراء واقع رہائش گاہ سے جلوس کی شکل میں نکلے جس کا اہتمام پی ایم ایل (این) کے ارکان نے کیا تھا اور جلوس کی قیادت ان کی بیٹی مریم نواز نے کی تھی۔ اس وقت مریم کا بھتیجہ حمزہ شہباز بھی جلوس میں موجود تھا۔ جلوس کو اب آہستہ آہستہ کوٹ لکھپت جیل پہنچنے میں چار گھنٹے لگ گئے جبکہ عام دنوں میں اس کی مسافت صرف نصف گھنٹے کی ہے۔