نواز شریف نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی

اسلام آباد ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے آج سیول اور فوجی عہدیداروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جہاں سیکوریٹی کے اہم موضوعات زیر بحث آئے ۔ وزیراعظم کے دفتر میں نواز شریف نے نیشنل سیکوریٹی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی ۔ حالانکہ اب تک اس سلسلہ میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم میڈیا کا یہ کہنا ہے کہ موت کی سزا پانے والے ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو اور آپریشن رادالفساد بات چیت کے اہم موضوع تھے ۔ اس اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر مالیات اسحق ڈار ، وزیر داخلہ نثار علی خاں ، مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز ، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے صدر نشین جنرل زبیر محمود حیات ، فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا ، قومی سلامتی مشیر لیفٹننٹ جنرل ( ریٹائرڈ ) ناصر خاں جنجوعہ اور آئی ایس آئی سربراہ لیفٹننٹ جنرل نوید مختار اور دیگر نے شرکت کی ۔ پاکستان کی اسوسی ایٹیڈ پریس نے یہ بات بتائی اور یہ انکشاف بھی کیا کہ فوجی سربراہ نے علحدہ طور سے بھی نواز شریف سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے ساتھ اہم سیکوریٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔۔