نواز شریف ، مریم نواز اور صفدر اڈیالہ جیل سے رہا ، لاہور آمد

’’میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ، میرا ضمیر مطمئن تھا‘‘ : سابق وزیراعظم کا بیان

اسلام آباد۔ 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہائی پانے کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر لاہور پہنچ گئے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔آج کی سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نیب اکرم قریشی نے اپنے دلائل مکمل کیے تو نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے مختصر جوابی دلائل دیے جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف رہائی کے بعد سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ساتھ گاڑی میں موجود ہیں۔3 بجتے ہی جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو احتساب عدالت کی جانب سے سنائی جانے والی سزائیں معطل کردیں اور انہیں رہا کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔عدالت نے مختصر تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا جس میں قرار دیا گیا ہے کہ سزا معطلی سے متعلق درخواست گزاروں کی اپیلیں منظور کی جاتی ہیں، اپیلوں پر حتمی فیصلے تک احتساب عدالت کی سزائیں معطل کی جاتی ہیں جس کی وجوہات بعد میں تفصیلی فیصلے میں دی جائیں گی۔فیصلے میں کہا گیا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں، پٹیشنرز کی درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔یاد رہے کہ تینوں شخصیات کی سزائیں اس وقت تک معطل رہیں گی جب تک اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلوں پر فیصلہ نہیں سنا دیا جاتا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر نے رواں برس 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال قید اور جرمانے، مریم نواز کو 7 سال قید اور جرمانے اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔عدالتی فیصلہ آنے کے بعد کمرہ عدالت میں موجود مسلم لیگ (ن) کے قائدین نے نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی اور ایک دوسرے سے گلے ملتے ہوئے مبارکبادیں بھی دیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سزا کی معطلی اور رہائی کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور ان کا ضمیر مطمئن تھا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اڈیالہ جیل میں نوازشریف سے شہبازشریف اور ن لیگی رہنماؤں نے ملاقات کی۔نوازشریف سے شہباز شریف اور دیگر لیگی رہنماؤں کی ملاقات سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے دفترمیں ہوئی۔اس موقع پر نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، میرا ضمیر مطمئن تھا’۔