ممبئی حملہ کے ضمن میں غداری کامقدمہ ، ملک کو بدنام کرنے کا الزام
لاہور ۔ 8 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے دو سابق وزراء اعظم نواز شریف ، شاہد خاقان عباس ایک سرکرہ جرنلسٹ کے ساتھ آج لاہور کی ایک عدالت میں حاضر ہوئے جہاں 2008 ء کے ممبئی دہشت گرد حملے کے مقدمہ میں ان کے خلاف غداری کے الزامات پر کارروائی کے ضمن میں سماعت کی گئی ۔ روزنامہ ڈان کے اسسٹنٹ ایڈیٹر سائرل المیڈا بھی اس مقدمہ میں مدعی علیہ ہیں۔ جس ( مقدمہ) کی سماعت جسٹس مظہر علی نقوی کی زیرقیادت تین رکنی بنچ پر جاری ہے ۔ المیڈا کانام گزشتہ سماعت میں عدم حاضری پر انھیں بیرونی سفر سے باز رکھنے سے متعلق ’ایگزسٹ کنٹرول لسٹ ‘ میں شامل کیا گیا تھا اور ان کی گرفتاری کے لئے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا گیا تھا ۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ نواز شریف نے ممبئی دہشت گرد حملے کے بارے میں دیئے گئے اپنے انٹرویو سے ملک کو بدنام کیا ہے اور ان کے موقف کی تائید پر شاہد عباسی کے خلاف مقدمہ دائر کیاگیا تھا ۔ ان دونوں کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی استدعاء کی گئی ہے ۔ دو سابق وزرائے اعظم کی حاضری کے موقع پر عدالت میں سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے ۔ جہاں ان کی جماعت پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے سینکڑوں حامی جمع ہوچکے تھے ۔ نواز شریف چونکہ اپنی زوجہ کلثوم نواز کے انتقال کے بعد تعزیت کیلئے پہونچنے والوں سے ملاقاتوں میں مصروف تھے گزشتہ سماعت میں حاضر نہیں ہوسکے تھے ۔