نوازشریف کی سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیشی

اسلام آباد۔ 13 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کے سلسلے میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو انتہائی سخت سکیورٹی میں احتساب عدالت میں لایا گیا۔ احتساب عدالت کے جج ملک ارشد نے سماعت کی اور اس سلسلے میں نوازشریف کو انتہائی سخت سکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں لایا۔ اس موقع پر میڈیا کو بھی قریب آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر صحافیوں اور سیاسی رہنماؤں کو احتساب عدالت میں جانے سے روک دیا گیا جب کہ سینیٹر چودھری تنویر، سعدیہ عباسی، بیرسٹر ظفر اللہ اور پرویز رشید کو بھی احاطہ عدالت میں جانے سے روک دیا گیا۔پراسیکیوشن کے گواہ واجد ضیاء اور نیب ٹیم بھی ریکارڈ لے کراحتساب عدالت پہنچی۔ نوازشریف کو مختصر سماعت کے بعد واپس اڈیالہ جیل روانہ کردیا گیا جب کہ اس موقع پر کوریج کی اجازت نہ ملنے پر میڈیا کے نمائندوں نے شدید احتجاج کیا۔عدالت نے مختصر سماعت کیلئے بعد دونوں ریفرنسز کی مزید سماعت 15 اگست تک ملتوی کر دی۔