امیر الدین امیر، نثار احمد کلیم اور یوسف رحیم کی شال پوشی
بیدر۔/5اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بیدر کے شعراء اور افسانہ نویس دراصل بیدر کی نمائندگی کررہے ہیں اور یہ بڑی بات ہے۔ مسلسل جدوجہد اور تخلیقات کیلئے سی اگر ہو تو تخلیق کار اور اس کے شہر کا نام ہونا عین ممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار جناب شاہ موسیٰ محی الدین قادری ایڈوکیٹ نائب صدر نوائے احباب بیدر نے کیا۔ وہ آج دفتر فور ایور، خان کامپلکس موقوعہ نزد چوبارہ میں بیدر کے دو شعراء محمد امیر الدین امیر اور نثار احمد کلیم اور ایک افسانہ نویس محمد یوسف رحیم بیدری کی کتابوں پر کرناٹک اردو اکیڈیمی کی جانب سے دیئے گئے انعامات پر نوائے احباب کے زیر اہتمام منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ شال پوشی اور گلپوشی کے ذریعہ کی جانے والی تہنیت کو قبول کرنے کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے محمد امیر الدین امیر نے کہا کہ وزیر اقلیتی بہبود جناب قمرالاسلام نے کرناٹک اردواکیڈیمی کی کتابوں کی تصنیب و تراجم خصوصاً ٹیپو سلطان شہید پر کنڑا کتاب کا اردو ترجمہ اور مختلف امور کیلئے اکیڈیمی کو سوا پانچ کروڑ روپئے بجٹ دینے کی بات کہی تھی اور ہم نے اس پر تالیاں بجائی تھیں لیکن اب پتہ چلا ہے کہ کرناٹک اردو اکیڈیمی کو بجٹ کے نام پر صرف 13لاکھ روپئے دیئے گئے ہیں جو قابل مذمت بجٹ ہے۔ محمد یوسف رحیم بیدری نے اپنے تاثرات میں کہا کہ اس دنیا میں حق مانگنے سے نہیں چھیننے سے ملتا ہے تاہم کسی کو ایوارڈ کا ملنا یہ ثابت نہیں کرتا کہ وہ ایک قدآور شخصیت ہے۔ مسلسل تخلیق کاری ہی کسی فنکار کو اونچے مقام پر پہنچا سکتی ہے اور وقت ہی طئے کرتا ہے کہ کون سے فنکار کو زندہ رہنا ہے۔ نثار احمد کلیم نے اس بات کا تیقن دیا کہ ہماری تحریریں اردو ادب میں بیدر کی نمائندگی کرتی رہیں گی۔ تہنیتی تقریب کے بعد زیر صدارت شاہ موسی محی الدین قادری ایڈوکیٹ محفل مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ جناب لطیف خلش، حامد سلیم(مزاحیہ شاعر ) امیر الدین امیر، منور علی شاہد، نثار احمد کلیم اور میر بیدری نے اپنا کلام سناکر داد حاصل کی۔ مذکورہ افراد کے علاوہ اسلم پاشاہ قادری، محمد ضمیر الدین خطیب، محمد شکیب ، شاہ ابراہیم خاور قادری، مرزا محبوب علی بیگ، محمد فہیم الدین، ذوالقرنین، محمد عاصم الدین وغیرہ موجود تھے۔ جناب منور علی شاہد نے بھی تینوں فنکاروں کی گلپوشی کی۔ محمد امیر الدین امیر کی تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آعاز ہوا۔ تقریب کے پہلے حصہ کی نظامت ڈاکٹر محمد نظام الدین نے انجام دی۔ محفل مشاعرہ کی نظامت جناب سید عبداللطیف خلش صدر نوائے احبا ب بیدر نے کی اور ان ہی کے شکریہ پر تقریب کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔