کانگریس میں گروپ بندیوں کے سبب پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ
سنگاریڈی۔/16مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق رکن اسمبلی پٹن چیرو نندیشور گوڑ جو سابق میں صدر ضلع کانگریس رہ چکے ہیں اور سال 2009ء میں کانگریس پارٹی ٹکٹ پر ہی کامیابی حاصل کرتے ہوئے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے، کانگریس پارٹی میں آپسی گروپ بندیوں کی وجہ سے انہوں نے ٹی آر ایس پارٹی سربراہ کے سی آر سے ملاقات کرنے کے بعد ٹی آر ایس میں شمولیت کا اشارہ دے دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے خود نندیشور گوڑ کو ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہونے کا مشورہ دیا تھا اور بی سی طبقہ کے تحت پٹن چیرو سے ایم ایل اے ٹکٹ جاری کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے آج یا کل ٹی آر ایس کی پہلی فہرست میں نندیشور گوڑ سے وعدہ کرچکے ہیں۔ جس پر نندیشور گوڑ نے اپنے کیڈر سے مشاورت کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا ارادہ کرلیا ہے۔ نندیشو گوڑ نے سابق میں راہول گاندھی نائب صدر کل ہند کانگریس سے ملاقات کرتے ہوئے سینئر کانگریس قائدین کی جانب سے ان کے خلاف محاذ کھولتے ہوئے انہیں سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں کہتے ہوئے واقف کروایا اور کانگریس گروپ بندیوں سے پارٹی قائدین کو ہی نقصان بتایا۔ نندیشور گوڑ کے کارکنوں نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ جلد جلد ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہوجائیں اور ٹی آر ایس سے دوبارہ حلقہ اسمبلی پٹن چیرو ایم ایل اے نشست کیلئے مقابلہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کریں۔ بی سی زمرہ کے تحت کابینی وزیر کا درجہ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پٹن چیرو میں نندیشور گوڑ کی جانب سے ایک جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں کے سی آر کو بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کیلئے مدعو کیا جائے گا۔
نندیشور گوڑ کے ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت کی قیاس آرائیوں کو دیکھتے ہوئے کانگریس قائدین کہہ رہے ہیں کہ نندیشور گوڑ کے کانگریس پارٹی چھوڑنے سے کانگریس کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ حلقہ اسمبلی پٹن چیرو کے کانگریس قائدین مخالف نندیشور گوڑ انتخابات میں بھرپور اپنے فائدے کیلئے کوشاں ہیں اور نندیشور گوڑ کی جگہ خالی ہونے پر کانگریس پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے چند کانگریس قائدین دوڑ میں شامل ہوچکے ہیں۔ صدر کانگریس ضلع میدک بھوپال ریڈی نے پٹن چیرو میں کانگریس کے اجلاس کے دوران نندیشور گوڑ کے پارٹی چھوڑنے کی خبروں پر کہا کہ کانگریس کو کوئی فرق نہیں پڑتا، کانگریس پارٹی پٹن چیرو میں مستحکم ہے اور کامیابی حاصل کرے گی۔