لوئزویلے21 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) باکسنگ کے سابق عالمی چیمپیئن محمد علی کلے کو نمونیا کے مرض کی وجہ سے دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے۔محمد علی ہیوی ویٹ مکے بازی میں تین مرتبہ عالمی چیمیئن رہ چکے ہیں۔ وہ اس سے قبل پارکنسنز کے مرض میں مبتلا رہے ہیں۔محمد علی کے ترجمان باب گنیل نے میڈیا سے کہا ہے کہ محمد علی کی حالت مستحکم ہے۔مرض کی تشخیص بہتر طور پر ہوئی ہے‘ اور یہ کہ 72 سالہ محمد علی کو ہسپتال سے جلد چھٹی مل جائے گی۔ترجمان نے مزیدکہا ہے کہ محمد علی کے اہل خانہ کا خیا ل رکھتے ہوئے مزید تفصیلات سے گریز کیا۔واضح رہے کہ محمد علی کو پارکنسنز کے مرض کی تشخیص 1984 میں عالمی باکسنگ سے سبکدوش ہونے کے تین سال بعد ہوئی تھی۔ستمبر میں وہ اپنے آبائی شہر لوئزویلے میں محمد علی ہیومینیٹیریئن ایوارڈ کی تقریب میں نظر آئے تھے۔امریکہ کی ریاست کینٹکی سے تعلق رکھنے والے باکسر محمد علی پہلے کیسیئس کلے کے نام سے جانے جاتے تھے لیکن سونی لسٹن کے خلاف 25 فروری 1954 کو ہوئے اہم مقابلے کے اگلے ہی دن انھوں نے اعلان کیا کہ وہ اسلام قبول کر رہے ہیں اور اپنا نام بدل کر محمد علی رکھ رہے ہیں۔