حملہ کے خلاف ریسیڈنٹس ڈاکٹرس اسوسی ایشن کا احتجاج، پولیس میں شکایت درج
حیدرآباد ۔ 30 مئی (سیاست نیوز) نظام انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (نمس) ہاسپٹل واقع پنجہ گٹہ میں آج مریض کے افراد خاندان نے ایک ڈاکٹر پر حملہ کردیا جس کے بعد وہاں ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی اور ریسیڈنٹ ڈاکٹرس نے اس واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔ تفصیلات کے بموجب میڈی پلی سے تعلق رکھنے والی ارونا کو 19 مئی کو انتہائی تشویشناک حالت میں نمس ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں مریضہ کو وینٹیلیشن پر رکھا گیا تھا۔ حالت بگڑنے کے نتیجہ میں ارونا کل رات دیر گئے فوت ہوگئی جس پر برہم رشتہ داروں نے وہاں کے ایک ریسیڈنٹ ڈاکٹر محمد عرفان کو اس موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان پر اچانک حملہ کردیا۔ اس واقعہ کے بعد ریسیڈنٹ ڈاکٹرس اسوسی ایشن نے اس واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نمس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر کے منوہر سے نمائندگی کی اور پنجہ گٹہ پولیس میں بھی شکایت درج کروائی۔ انسپکٹر پنجہ گٹہ مسٹر کے رویندر نے بتایا کہ ڈاکٹر عرفان پر حملہ کرنے کے خلاف پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا اور حملہ آوروں کے خلاف عنقریب کارروائی کی جائے گی۔