نمس سے فائیل غائب کرنے والا شخص گرفتار

حیدرآباد۔/21ڈسمبر، ( سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس نے نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس ( نمس ) کے فینانس کنٹرولر کو فائیل کا سرقہ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر پنجہ گٹہ مسٹر موہن کمار نے بتایا کہ فینانس کنٹرولر سریدھر کو بدعنوانیوں کے الزامات کے تحت معطل کیا گیا تھا لیکن اس نے اپنی فائیل کا وہاں کے عارضی ملازم روی کی مدد سے سرقہ کرلیا تھا۔ ہاسپٹل انتظامیہ کو اس بات کا پتہ چلنے پر پنجہ گٹہ پولیس میں شکایت درج کروائی گئی تھی اور اس سلسلہ میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ سریدھر کو آج پنجہ گٹہ پولیس نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے مسروقہ فائیل برآمد کرلی گئی۔