صدر تلنگانہ بی جے پی معائنہ کے دوران دھماکوں میں بال بال بچ گئے ، محمود علی ، نرسمہا ریڈی کا دورہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : کاچی گوڑہ کے علاقہ میں آج رات سلسلہ وار سیلنڈر دھماکوں سے دہشت پیدا ہوگئی ۔ اس واقعہ میں ایک ہلاک اور تقریبا 6 افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ غیر قانونی طور پر سیلنڈر کی ریفلنگ کی جارہی تھی کہ آج رات زور دار تین دھماکے ہوئے اور آدھے گھنٹے کے وقفہ سے مزید دو دھماکہ ہوئے ۔ ان دھماکوں میں 18 سالہ نریندر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ شنکر اور پیوش نامی دو نوجوانوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے جب کہ عزیز ، قدیر اور رحیم شدید زخمی ہوگئے ۔ غیر مجاز طور پر گیس سیلنڈر کی ریفلنگ کرنے کے گودام میں یہ دھماکے ہوئے ۔ واقعہ کی اطلاع پر سارے شہر میں سنسنی پھیل گئی ۔ تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی ، وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی ، وزیر فینانس ای راجندر مقام واقعہ پر پہونچ گئے ۔ کمشنر پولیس مہیندر ریڈی نے حالات کا جائزہ لیا ۔ اس واقعہ کا معائنہ کرنے گئے عنبر پیٹ رکن اسمبلی و تلنگانہ بی جے پی صدر کشن ریڈی بھی حادثہ کی زد میں آنے سے بال بال بچ گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کے قریب ایک سیلنڈر کا دھماکہ ہوا ۔ جس کے ساتھ ہی آگ کے شعلے بھڑک اٹھے ۔ گودام کے علاوہ پڑوس میں واقع مکانات کو بھی نقصان پہونچا ۔ پولیس نے آگ کو قابو میں کرنے کے لیے فوری فائر انجنوں کو طلب کیا جہاں آتش فرو عملہ نے آگ پر قابو پالیا ۔ کاچی گوڑہ کے علاقہ نمبولی اڈہ کے اس واقعہ پر چیف منسٹر ریاست تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دھماکہ پر افسوس کا اظہار کیا اور فوری راحت کے اقدامات کو مکمل کرنے کے احکامات جاری کردئیے ۔ انہوں نے اس واقعہ کے ذمہ دار قصور وار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے کاچی گوڑہ سیلنڈر دھماکہ کو افسوس ناک قرار دیا اور اس واقعہ میں ہلاک اور زخمیوں کے ساتھ اظہار یگانگت کی ۔ انہوں نے علاقہ کا معائنہ کرتے ہوئے کمشنر پولیس سے بات چیت کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا اور کہا کہ قصور واروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کمشنر پولیس کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر واقعہ کی تحقیقات انجام دیں ۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو کارپوریٹ ہاسپٹل میں علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں ایسے غیر مجاز ٹھکانوں کوبرخاست کیا جائے گا ۔۔