نئی دہلی۔22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ہندستانی ٹیم میں چار نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لیے چل رہی بحث پر کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ کون کس نمبر پر بیٹنگ کرے گا اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ورلڈ کپ کی ٹیم میں چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے کہا کہ ٹیم کے پاس نمبر چار کے لئے کئی کھلاڑی ہو گئے ہیں اور آل راونڈر وجے شنکر نمبر چار پر بیٹنگ کر سکتے ہیں، لیکن کوہلی نے کہا کہ وجے شنکر چار نمبر پر ضرور ٹیم کو توازن فراہم کرتے ہیں لیکن اس مقام کے لئے ابھی انہیں مختص نہیں کیا۔ ٹیم کے اعلان کے بعد پرساد نے کہا تھا کہ چار نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لئے وجے مناسب ہے۔ کپتان کوہلی نے اگرچہ پرساد کی صرف اس بات پر اتفاق کیا کہ وجے کو ‘تینوں شعبوں ‘ میں اچھا کمال حاصل ہے اور دیگر اختیارات کے مقابلے میں وہ بہتر ہے جنہیں اس سے پہلے پرکھا گیا تھا۔ چار نمبر پر بیٹسمین کی تلاش دراصل 2017 میں چمپئنز ٹرافی میں شروع ہوئی تھی جس کے بعد آسٹریلیا کے ہندستان دورے تک نمبر چار کے لئے 11 بیٹسمینوں کو پرکھا گیا ہے۔ اس نمبر پر بیٹنگ کے لئے سب سے زیادہ موقع امباٹی رائیڈو کو دیے گئے لیکن رائیڈو کو ورلڈ کپ ٹیم میں جگہ نہیں ملی اور انہیں متبادل کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔ وراٹ نے کہاکہ وجے چار نمبر کے لئے اہل ہے جو ٹیم میں آل راونڈر کے اختیارات کو بھی بڑھاتے ہیں۔ ہم نے بہت سے پہلووں پر کام کیا ہے لیکن جب وجے آئے تب ہمیں ایک ایسا کھلاڑی ملا جو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ، ان تینوں میں اچھا مظاہرہ کر سکتا ہے۔ہندوستانی کپتان نے کہاکہ وجے مکمل طور پر ایک قابل بیٹسمین ہے اور ہم اس طرح کے توازن اپنی ٹیم میں کیوں نہیں رکھ سکتے جبکہ دیگر ٹیمیں کئی سال سے ایسا کرتی آئی ہیں۔